کار سے مشابہت 8انتخابی نشانات کو فہرست سے حذف کرنے ٹی آر ایس کی اپیل

   


گورنمنٹ چیف وہپ کی قیادت میں ٹی آر ایس قائدین کی چیف الیکٹورل آفیسر کو یادداشت پیش
حیدرآباد۔/11 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس نے اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس کے انتخابی نشان ’کار‘ سے مشابہت رکھنے والے 8 انتخابی نشانات کو انتخابی فہرست سے ہٹادینے کی ریاستی الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی ہے۔ ٹی آر ایس قائدین کے ایک وفد نے گورنمنٹ چیف وہپ ڈی ونئے بھاسکر کی قیادت میں چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج سے ملاقات کی اور پارٹی کی طرف سے انہیں ایک یادداشت پیش کی جس میں بتایا گیا ہے کہ ٹی آر ایس کے انتخابی نشان ’ کار ‘ سے مشابہت رکھنے والے 8 انتخابی نشانات کی فہرست سے کیمرہ ، چپاتی رولر، ڈولی، روڈ رولر، صابن باکس، ٹی وی، سلائی مشین اور جہاز کو ہٹانے کی اپیل کی ۔ ان قائدین نے چیف الیکٹورل آفیسر کو بتایا کہ اندرون 48 گھنٹے الیکشن کمیشن سے مثبت ردعمل حاصل نہ ہونے پر وہ عدالت سے رجوع ہوں گے۔ ٹی آر ایس قائدین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی آر ایس کے ان قائدین نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ گذشتہ عام انتخابات 2018 میں ’ کار‘ کی مشابہت والے انتخابی نشانات کی وجہ سے کئی ٹی ار ایس کے امیدواروں کو شکست ہوگئی ہے۔ کئی اسمبلی حلقوں میں مسلمہ مختلف جماعتوں کے امیدواروں سے زیادہ ان آزاد امیدواروں کو ووٹ ملے ہیں جنہیں’کار‘ کی مشابہت والے انتخابی نشان مختص کئے گئے تھے۔ ٹی آر ایس کے قائدین نے بتایا کہ 2018 کے اسمبلی انتخابات میں منوگوڑ، ظہیرآباد، سرپور اور ڈورنکل اسمبلی حلقوں میں روڈ رولر نشان کو سی پی ایم اور بی ایس پی سے زیادہ ووٹ حاصل ہوئے تھے۔ اس طرح نرسم پیٹ، چنور، دوباک، سدی پیٹ، آصف آباد، بانسواڑہ، ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقوں میں کیمرہ کے انتخابی نشان کو بی ایس پی اور سی پی ایم سے زیادہ ووٹ حاصل ہوئے جس کی وجہ سے ان 8 انتخابی نشانات کو انتخابی فہرست سے حذف کرنے کی اپیل کی جارہی ہے۔ن