گورنمنٹ وہپ اے سرینواس کا بیان
حیدرآباد : 17 اگست ( سیاست نیوز) گورنمنٹ وہپ کے سرینواس نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس قائد ہریش راؤ کالیشورم پراجکٹ پر گمرہ کن بیانات دے رہے ہیں ۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے سرینواس نے کہا کہ بی آر ایس حکومت کی جانب سے اگر تمڈی ہڈی سے کالیشورم کی تعمیر کا آغاز کیا جاتا تو موجودہ صورتحال نہ ہوتی ۔ بی آر ایس نے بیاریج کی تعمیر کیلئے مقام کو تبدیل کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تباہی کیلئے بی آر ایس ذمہ دار ہے ۔ڈیم کو نقصان کے بعد پولیس میں ایف آئی آر درج کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیم سیفٹی اتھاریٹی نے میڈی گڈہ بیاریج میں نقائص کی نشاندہی کی ہے ۔ کالیشورم پراجکٹ بی آر ایس دور میں تعمیر ہوا اور اسی کے دور میں تباہی ہوئی ۔ کانگریس پر پراجکٹ کو بم سے اُڑانے کا الزام عائد کیا گیا تھا ۔ گورنمنٹ وہپ نے کہا کہ پی سی گھوش تحقیقاتی کمیشن نے بی آر ایس حکومت کی بے قاعدگیوں کو رپورٹ میں پیش کیا ہے ۔ حکومت رپورٹ اسمبلی میں پیش کریگی اور مباحث کے بعد کارروائیوں کا فیصلہ کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راؤ کو کانگریس حکومت پر الزام تراشی سے گریز کرنا چاہیئے ۔ 1