کالیشورم پراجکٹ کی دھاندلیوں پر سی بی آئی تحقیقات کیلئے مرکز کا پیشکش

   

کشن ریڈی کا انکشاف، تلنگانہ میں 10 سے زائد لوک سبھا نشستوں پر کامیابی کا یقین

حیدرآباد۔/13 فروری، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے انکشاف کیا کہ مرکزی حکومت نے سابق بی آر ایس حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کی سی بی آئی جانچ کا پیشکش کیا تھا لیکن ریاستی حکومت نے کوئی دلچسپی نہیں دکھائی تھی ۔ کشن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ موجودہ کانگریس حکومت بھی کالیشورم پراجکٹ کی دھاندلیوں کی سی بی آئی تحقیقات میں سنجیدہ نہیں ہے۔ ورنگل میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ پراجکٹ میں بی آر ایس قائدین کے ملوث ہونے کے باعث سابق چیف منسٹر کے سی آر نے سی بی آئی تحقیقات کی پیشکش کو قبول نہیں کیا تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ موجودہ کانگریس حکومت کالیشورم کی دھاندلیوں کی سی بی آئی تحقیقات سے گریز کیوں کررہی ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ویجلینس ڈپارٹمنٹ کی تحقیقات سے تکنیکی خامیاں برسر عام نہیں آسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کی مالیت، معیار تعمیر، منصوبہ بندی اور ڈیزائننگ جیسے امور کیلئے ویجلینس تحقیقات کافی نہیں ہیں۔ مرکزی حکومت کا ادارہ ڈیم سیفٹی اتھاریٹی آبپاشی پراجکٹس کے تحفظ کے اقدامات کرتا ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ میڈی گڈہ بیاریج کو نقصان کے بارے میں اطلاع ملتے ہی انہوں نے 22 اکٹوبر کو مرکزی وزیر جل شکتی کو مکتوب روانہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے ایک لاکھ کروڑ روپئے پراجکٹ پر خرچ کئے ہیں۔ مرکزی وزیر جل شکتی کو مکتوب روانہ کرنے کے بعد ڈیم سیفٹی اتھاریٹی کی اعلیٰ اختیاری کمیٹی کو میڈی گڈہ روانہ کیا گیا۔ عہدیداروں نے 24 اور 25 اکٹوبر کو ڈیم کا معائنہ کیا۔ سیفٹی اتھاریٹی نے اپنی رپورٹ میں پراجکٹ سروے، پلاننگ ، ڈیزائننگ، تعمیر اور دیگر امور میں خامیوں کی نشاندہی کی۔ عہدیداروں نے کہا کہ ڈیم کو خطرہ لاحق ہے۔ ڈیم سیفٹی اتھاریٹی کی رپورٹ کے بعد انہوں نے بی آر ایس حکومت کو سی بی آئی تحقیقات کیلئے مکتوب روانہ کیا تھا۔ کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد بھی انہوں نے حکومت کو مکتوب روانہ کیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ کشن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر کانگریس پارٹی ڈیم کے مسئلہ پر ڈرامہ بازی کررہی ہے۔ میڈی گڈہ بیاریج کو خطرہ کے بارے میں جاننے کے باوجود حکومت دو ماہ سے خاموش ہے۔ سیاسی فائدہ کیلئے میڈی گڈہ بیاریج کو نقصانات پر سیاست کی جارہی ہے۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کے دورہ میڈی گڈہ پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کو اسمبلی میں عوامی مسائل پر مباحث سے زیادہ نلگنڈہ میں جلسہ عام کی فکر ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو10 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی اور بی جے پی حیدرآباد میں اسد اویسی کو سخت مقابلہ دے گی۔1