کالیشورم پراجکٹ کے بیاریجس کے مرمتی کاموں کی ستمبر تک تکمیل کی ہدایت

   

اتم کمار ریڈی نے پراجکٹ کے مقام کا معائنہ کیا، ماہرین کی خدمات کا حصول
حیدرآباد۔ 10 جون (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کالیشورم بیاریجس کے مرمتی کاموں اور بحالی کے کام ستمبر تک مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم کے تحت جن بیاریجس کو نقصان ہوا ان کے مرمتی کاموں کی تکمیل 2027 میں موسم گرما کے آغاز سے قبل مکمل کرلی جائیگی۔ اتم کمار ریڈی نے پراجکٹ کا معائنہ کرتے ہوئے بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ مرمتی کاموں کے سلسلہ میں ضروری جانچ مکمل کرلی گئی ہے اور دیگر کام جاریہ ماہ مکمل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی جانب سے بحالی کے کاموں کیلئے رپورٹ سنٹرل واٹر کمیشن اور نیشنل ڈیم سیفٹی اتھاریٹی کو روانہ کی جائے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مانسون کے بعد مرمتی کاموں کا آغاز ہوگا جو ڈسمبر کے پہلے ہفتہ تک ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت پراجکٹس کی تعمیر کے سلسلہ میں سیاسی رنگ دینے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے پرناہیتا چیوڑلہ پراجکٹ 38 ہزار کروڑ کی مالیت سے شروع کیا تھا۔ 2014 سے قبل ایک تہائی کام مکمل کرلئے گئے۔ بی آر ایس برسر اقتدار آنے کے بعد میں پراجکٹ کی مالیت میں اضافہ کرتے ہوئے ایک لاکھ کروڑ کیا گیا۔ اکتوبر 2023 میں بی آر ایس دور حکومت میں بیاریجس کو نقصان ہوا جس کے نتیجہ میں پراجکٹ کے ڈیزائن میں کئی خامیاں منظر عام پر آئیں۔ حکومت نے تعمیری بے قاعدگیوں کی جانچ کیلئے کمیشن قائم کیا اور ساتھ ہی ساتھ مرمتی کاموں کا فیصلہ کیا گیا۔ عالمی سطح کے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام پراجکٹس میں بی آر ایس حکومت کی خامیوں کے نتیجہ میں پہلے ہی کافی متاثر ہوچکے ہیں۔ 1؍F