کاماریڈی سے ریونت ریڈی کا پرچہ نامزدگی داخل

   

سدا رامیا، کودنڈا رام و محمد علی شبیر ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہونچے
حیدرآباد۔/10 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آج کاماریڈی اسمبلی حلقہ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا، صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام، سابق وزیر محمد علی شبیر اور کانگریس کے کونسلر انور احمد کے ہمراہ ریونت ریڈی نے ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچ کر پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ قبل ازیں ایک بڑے جلوس کی شکل میں ریونت ریڈی کاماریڈی کے مختلف علاقوں سے گذرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچے۔ ریونت ریڈی کا کاماریڈی پہنچنے پر عوام کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ وہ حیدرآباد سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ کاماریڈی پہنچے۔ بعد میں چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا بھی خصوصی ہیلی کاپٹر سے کاماریڈی پہنچے۔ ان کے ہمراہ کرناٹک کے وزیر داخلہ پرمیشور اور کرناٹک کے وزیر امداد باہمی بوس راج موجود تھے۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے، اے آئی سی سی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین عمران پرتاب گڑھی اور دوسروں نے چیف منسٹر کرناٹک کا استقبال کیا۔ نماز جمعہ کے بعد ریونت ریڈی پرچہ نامزدگی کے ادخال کیلئے جلوس کی شکل میں روانہ ہوئے۔ انہوں نے پرچہ نامزدگی میں پرپوزر کے طور پر محمد علی شبیر اور سابق وائس چیرمین بلدیہ و موجودہ کونسلر انور احمد کو شامل کیا ہے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کیلئے روانگی کے دوران جگہ جگہ ریونت ریڈی کا استقبال کیا گیا اور اقلیتوں کی جانب سے غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا۔