کامیابی کیلئے اللہ کے سامنے جوابدہی کا احساس ضروری

   

والدین و اساتذہ کا احترام کرنے کی تلقین ، حرا ماڈل اسکول کی سلور جوبلی ، مقررین کا خطاب

نرمل۔5 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حرا ماڈل ہائی اسکول نرمل کا پچیسیواں جلسہ ’’ سلور جوبلی تقریب ‘‘ کا بمقام حراء ماڈل ہائی اسکول گراؤنڈ، شاندار انعقاد عمل میں آیا۔ اس رنگارنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری اسکول مفتی الیاس احمد حامد قاسمی نے بتایا کہ پچیس سال قبل جون 1999ء میں شہر نرمل میں منفرد انداز میں اسلامی ماحول میں عصری تعلیم کے عنوان سے یہ ادارہ بنام حراء ماڈل ہائی اسکول، انگلش میڈیم، نرمل قائم ہوا۔ اسکول اپنے تعلیمی سفر کے پچیس سال مکمل کر چکا ہے۔ ابھی تک دسویں جماعت کے اٹھارہ بیاچ نکل چکے ہیں۔ دسویں جماعت کے نتائج ہر سال بہتر سے بہتر رہے ہیں۔ اس رنگارنگ سلور جوبلی تقریب میں اسکول کے طلباء نے بہت ہی دلچسپ و متاثر کن تعلیمی، تہذیبی و ثقافتی پروگرام، یادگار تمثیلی مشاعرہ پیش کیا۔ اس موقع ممبئی سے تشریف عالمی شہرت یافتہ ماہر تعلیم، موٹیویشنل اسپیکر جناب مبارک ابراہیم کاپڑی نے اپنے کلیدی خطاب میں اللہ کے سامنے جواب دہی کا احساس پیدا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس احساس کے بغیر تعلیمی نظام کامیاب ہو ہی نہیں سکتا۔ انہوں نے طلبہء کو اپنے والدین اور اساتذہ کی قدر اور عزت کرنے اور انہیں راضی کرکے اپنی دنیا اور آخرت سنوار لینے کی تلقین کی۔ مہمانان خصوصی جناب ناگیشور راؤ ایم ای او نرمل، گولڈ میڈلسٹ اور ہندوستان کی پہلی مسلم خاتون نیورو سرجن ڈاکٹر مریم عفیفہ انصاری نظام آباد، مولانا محمد عبد اللہ اظہر قاسمی بانی و ڈائریکٹر الماس انٹرنیشنل اسکول، تانڈور نے بھی مخاطب کیا۔ ان تمام مہمانان خصوصی کو اسکول انتظامیہ کی جانب سے گلپوشی و شالپوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی اور یادگار مومنٹوز دیئے گئے۔ اس سلور جوبلی تقریب میں اسکول میں دسویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے والے تمام سابق طلباء و طالبات کو یادگار مومنٹو اور جیمز آف حراء بیاچ دیئے گئے۔آخر میں صدر جلسہ حضرت مولانا محمد مصدق القاسمی نے اپنا صدارتی خطاب کیا اور اُن ہی کی دعاء پر یہ تقریب اختتام کو پہونچی۔اس تقریب میں انتخاب عالم صدر ہیومن ویلفیئر آرگنائزیشن عادل آباد، جناب میر جاوید علی پرنسپل، کریسنٹ ہائی اسکول و ڈائرکٹر اذان کالج آف ایجوکیشن بودھن، پروفیسر محمد خضر سعید کوہ نور پی جی کالج خلد آباد، مہاراشٹرا، آرکیٹیکٹ محمد رومان حیدرآباد، آرکیٹیکٹ سمیہ فاطمہ حیدرآباد، مسٹر پدمنابھم گوڑ ڈائریکٹر شانتی نکیتن اسکول، سیکریٹری ٹرسما نرمل وغیرہ نے بھی شرکت کی۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے ان تمام مہمانان اعزازی کی بھی شالپوشی کی گئی اور انھیں بھی یادگار مومنٹوز دیئے گئے۔ تقریب کے اختتام پر سابق طلبہء کی جانب سے اسکول انتظامیہ کے ذمہ داروں جناب خواجہ تاج احمد، مولانا محمد مصدق القاسمی،اسحاق احمد خالد، مفتی الیاس احمد حامد قاسمی، ادریس احمد راشد وغیرہ کی بکثرت گلپوشی و شالپوشی کی گئی۔ حسان احمد، سلمان احمد، طارق احمد حاذق احمد وغیرہ نے انتظامات کی نگرانی کی۔ اس یادگار سلور جوبلی تقریب میں طلبہء ، اولیائے طلبہء ، بہی خواہاں و ہمدردان حراء ماڈل ہائی اسکول اور عوام مرد و خواتین کی غیر معمولی کثیر تعداد نے شرکت کی۔