کامیڈین منور فاروقی کے شو کا کامیاب انعقاد

   

پولیس نے سخت سیکوریٹی انتظامات کئے ، 150 احتجاجی کارکن گرفتار
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : شلپا کلا ویدیکا کے پاس کشیدگی کے دوران مشہور کامیڈین منور فاروقی کا کامیڈی شو کامیاب رہا ہے ۔ بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ اور ہندوتوا تنظیموں کی دھمکیاں بے اثر رہیں۔ پولیس نے احتجاجیوں کو گرفتار کرکے لا اینڈ آرڈر کو کنٹرول کیا ۔ تقریبا دیڑھ گھنٹہ تک منور فاروقی نے اپنا شو پیش کیا ۔ گذشتہ دو دن سے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ ، بی جے وائی ایم و ہندوتوا تنظیمیں منور فاروقی کے خلاف مظاہرہ کررہی تھیں ۔ شہ نشین کو آگ لگادینے اور منور فاروقی پر حملے کی دھمکیاں دی جارہی تھی لیکن پولیس نے نہ صرف شو کی اجازت دی بلکہ 5 ڈی سی پیز کے ساتھ سخت انتظامات کئے ۔ علحدہ احتجاج کرتے شلپا کلا ویدیکا پہونچے احتجاجیوں کو گرفتار کرکے گچی باولی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ ایس او ٹی پولیس ڈریس میں پہونچے بی جے پی کارکنوں کی نشاندہی کرکے پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا ۔ احتجاجی کارکنوں نے حکومت اور منور فاروقی کے خلاف نعرے بازی کی ۔ پروگرام کے اختتام کے بعد پولیس نے راحت کی سانس لی ۔ شو روکنے فرقہ پرستوں کے عزائم ناکام ہوگئے ہیں۔ن