الوارجن کی گرفتاری پر ردعمل، ری ریسنگ میں اسکام ہونے کی نشاندہی
حیدرآباد ۔ 14 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس اور تلگو فلم انڈسٹری کا اٹوٹ رشتہ ہے۔ کانگریس حکومت کی کوششوں سے تلگو فلم انڈسٹری حیدرآباد پہنچی۔ اسٹوڈیوز کی تعمیرات کیلئے کانگریس حکومت نے اراضیات مختص کی۔ الوارجن کی گرفتاری پر میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ الوارجن کے ماما کانگریس کے قائد ہے۔ قانون سب کیلئے یکساں ہوتا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے عوام میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہیکہ حکومت تلگو فلم انڈسٹری (ٹالی ووڈ) کی مخالف ہے۔ اس میں کوئی سچائی نہیں ہے بلکہ تلگو فلم انڈسٹری اور کانگریس کا ناختم ہونے والا رشتہ ہے۔ سندھیا تھیٹر کے پاس مچی بھگدڑ میں ایک خاتون کی موت واقع ہوئی ہے اور اس کا بیٹا ہاسپٹل میں زندگی اور موت کے درمیان کشمکش کررہا ہے۔ پولیس نے قانون کے دائرہ میں رہ کر کارروائی کی ہے، اس سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ بی آر ایس اور بی جے پی صرف اپنی اپنی سیاسی مفادپرستی کی خاطر حکومت اور ٹالی ووڈ کے درمیان خلیج بڑھانے کی کوشش کررہی ہیں مگر وہ اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ 10 سال تک بی آر ایس حکومت نے تلگوتلی مجسمہ کو سرکاری طور پر کبھی متعارف نہیں کرایا۔ کانگریس کی جانب سے متعارف کرانے پر واویلا مچایا جارہا ہے۔ ای ریسنگ میں اسکام ہونے کی عہدیداروں نے نشاندہی کی ہے۔ اگر اس میں کے ٹی آر قصوروار پائے جاتے ہیں تو قانون اپنا کام کرے گا۔2