مجھے آشیرواد دیا اور بھائی کی کامیابی کیلئے کام کررہے ہیں ۔ کانگریس امیدوار پی شراونتی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 22 اکٹوبر (سیاست نیوز) اسمبلی حلقہ منوگوڑ ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار پی شراونتی نے کانگریس رکن پارلیمنٹ ٹی پی سی سی کے اسٹار کیمپنیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی جانب سے کانگریس کو شکست ہوجانے کا دعویٰ کرنے اور اپنے بھائی بی جے پی کے امیدوار کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کو ووٹ دینے کی کانگریس کارکنوں سے ٹیلیفون پر اپیل پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پر اظہارخیال کیلئے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ وہ ایک بہن کی طرح ان سے کئی مرتبہ رجوع ہوکر آشیرواد طلب کرچکی ہیں۔ انہوں نے گاندھی بھون میں سب کے سامنے میرے سر پر ہاتھ رکھ کر آشیرواد دیا تھا اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا مگر ان کی باتیں اور حرکت سے ان کی غداری آشکار ہورہی ہے جس پر انہیں صدمہ پہنچا ہے۔ پارٹی وفادار ہونے کا دعویٰ کرنے والوں کا اصلی چہرہ ضمنی انتخاب کے ذریعہ آشکار ہوگیا ہے۔ تلنگانہ میں رہ کر کانگریس پارٹی کارکنوں کو ٹیلیفون کرکے اپنے بھائی بی جے پی کے امیدوار کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ ٹی پی سی سی کے اسٹار کمپنیر ہونے کے باوجود انہوں نے میری انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیا۔ چھٹیاں منانے کیلئے آسٹریلیا پہنچنے کے بعد وہاں بھی کانگریس کو شکست ہونے اور اپنا بھائی کامیاب ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کانگریس کارکنوں کے حوصلے پست کررہے ہیں جبکہ ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس اور بی جے پی دولت کے انبار لگارہی ہے۔ ایسے میں پارٹی کے کارکن پارٹی سے وفاداری کا ثبوت پیش کرتے ہوئے کام کررہے ہیں۔ ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔ن