فوری فلور ٹسٹ کروانے بی جے پی کی درخواست پر عدالت عظمیٰ میں آج پھرسماعت
نئی دہلی ۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)سپریم کورٹ نے مدھیہ پردیش کانگریس کے باغی ارکان کو ججس کے چیمبر میں پیش کرنے کی تجویز اور ان سے ملاقات سے انکار کردیا۔ عدالت نے کہا کہ 16 باغی ارکان ایوان اسمبلی جائیں یا نہ جائیں ان کی مرضی لیکن یقینی طور پر ان کو قیدی نہیں بنایا جاسکتا۔ سپریم کورٹ نے اسپیکرس سے کہا کہ باغی ارکان کے استعفے کب قبول کئے جائیں گے ۔ کورٹ نے آج کہا کہ وہ ان خدشات کو دور کرنا چاہے گا کہ مدھیہ پردیش کی کانگریس کے باغی ارکان اسمبلی کو بنگلورو میں ان کی مرضی کے خلاف قیدی نہیں بنایا گیا ہے۔ چیف منسٹر مدھیہ پردیش کمل ناتھ نے مدھیہ پردیش میں فوری فلور ٹسٹ کروانے کیلئے بی جے پی کی جانب سے سپریم کورٹ میں داخل کی گئی درخواست کی سماعت کے دوران کانگریس کے باغی ارکان اسمبلی کو قیدی بنانے کا الزام عائد کیا تھا۔ جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے کہا کہ یہ ارکان اسمبلی کی مرضی ہیکہ وہ وہپ وغیرہ کی پابندی کرے۔ سینئر وکیل مکل روہتگی نے استدلال پیش کیا کہ باغی ارکان اسمبلی کو کیمرہ میں یہ کہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہیکہ وہ آزاد ہیں۔ مدھیہ پردیش اسمبلی اسپیکر کو ان کے استعفوں سے متعلق فیصلہ کرنا چاہئے۔ کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ باغی ارکان اسمبلی کو دوبارہ انتخابات کا سامنا کرنے کیلئے کہا جائے اور جب وہ انتخابات میں کامیابی حاصل کریں۔ دوسری طرف کانگریس کے سینئر قائد ڈگ وجئے سنگھ نے کرناٹک میں آج باغی ارکان اسمبلی سے ملاقات کی کوشش کی لیکن انہیں روک دیا گیا۔ بی جے پی کا دعویٰ ہیکہ جیوترادتیہ سندھیا اور ان کے حامی 22 ارکان اسمبلی کے کانگریس چھوڑنے کے بعد مدھیہ پردیش کی کمل ناتھ حکومت اقلیت میں آگئی ہے۔ مدھیہ پردیش میں سیاسی بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ اسی دوران اسپیکر اسمبلی این پی پرجاپتی نے گورنر لال جی ٹنڈن مکتوب روانہ کرتے ہوئے گمشدہ ارکان اسمبلی کی واپسی کو یقینی بنانے کی درخواست کی ہے جن کے استعفے ان کے زیرغور ہیں۔ بتایا گیا ہیکہ کانگریس کے باغی ارکان اسمبلی جو بنگلور میں ہیں، انہوں نے اپنی مرضی سے استعفیٰ دیا ہے۔ دوسری طرف برسراقتدار کانگریس کا یہ دعویٰ ہیکہ اس کے ارکان اسمبلی کو بی جے پی کی جانب سے قیدی بناکر رکھا گیا ہے۔ بی جے پی نے اس الزام کو مسترد کردیا اور اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق بی جے پی نے کانگریس کے سینئر قائد ڈگ وجئے سنگھ کے خلاف الیکشن کمیشن نے بھی شکایت کی اور الزام عائد کیا کہ 26 مارچ کو ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں سیاسی بحران جاری ہے اور کانگریس کی سیاسی سرگرمیاں مدھیہ پردیش سے کرناٹک منتقل ہوچکی ہیں جہاں سینئر قائد ڈگ وجئے سنگھ باغی ارکان سے ملاقات کرنا چاہتے تھے لیکن پولیس نے انہیں روک دیا۔ سپریم کورٹ میں اس پر کل بھی سماعت ہوگی۔
