کورٹلہ رکن اسمبلی کے سنجئے کا الزام، شادی مبارک چیکس کی تقسیم
کورٹلہ ۔ 19 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کورٹلہ سنجے رکن اسمبلی کورٹلہ نے کورٹلہ ٹاؤن کے ایم ایل اے کیمپ آفس میں کلیان لکشمی شادی مبارک اسکیم کے تحت 189 استفادہ کنندگان میں 1,89,21,924 روپے مالیت کے چیکس تقسیم کئے، اس موقع پر کی گئی تقریر میں کلواکنٹلہ سنجے نے کانگریس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے اقتدار میں آنے کے لئے عوام سے جو بھی وعدے کئے اسے پورا کرنے میں پارٹی ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں بی آر ایس کے اقتدار میں آنے کے بعد عوام کو پینے کے لئے پانی اور برقی کی سربراہی، بیڑی مزدوروں کا وظیفہ، شادی مبارک، کلیان لکشمی اسکیمات کے سی آر کٹ جیسے فلاحی اسکیمات ریاست میں روبعمل لائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو اقتدار میں آئے 12 ماہ کا عرصہ ہو رہا ہے۔ کانگریس حکومت میں برقی کی سربراہی ٹھیک طور پر نہیں ہو رہی ہے۔ ٹرانسفارمر جل رہے ہیں۔ بی آر ایس دور حکومت میں 70 فیصد ڈیلیوری سرکاری دواخانوں میں ہو رہی تھیں جبکہ آج خواتین ڈیلیوری کے لئے خانگی دواخانوں کا رخ کررہے ہیں۔ دواخانوں میں دوائیں دستیاب نہیں ہیں۔ اس موقع پر کے راجیش صدر منڈل بی آر ایس کورٹلہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ آج کوئی بھی خاتون زچگی کے لئے سرکاری دواخانہ نہیں جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بی آر ایس قائدین عوامی مسائل کے لئے جدوجہد کرتے ہیں تو انہیں تنقیدوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر کانگریس کی جانب سے عوام سے کئے گئے وعدوں کو اگر پورا کیا جاتا تو بی آر ایس کو احتجاج کرنے کی نوبت ہی نہ آتی۔