کانگریس حکومت کے 17 ماہ میں 17 فلاحی اسکیمات پر عمل آوری

   

مہیش کمار گوڑ نے پوسٹر جاری کیا، اسکیمات سے عوام کو واقف کرانے کی اپیل

حیدرآباد 20 مئی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے آج گاندھی بھون میں کانگریس حکومت کے 17 ماہ میں 17 اہم فلاحی اسکیمات کی تفصیلات پر مشتمل پوسٹر جاری کیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری بی راکیش کمار نے یہ پوسٹر تیار کیا جو ریاست بھر میں عوام کی معلومات کیلئے پھیلایا جائے گا۔ مہیش کمار گوڑ نے حکومت کی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے کی مساعی کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ ریونت ریڈی حکومت نے کم عرصہ میں زائد فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ سابق بی آر ایس حکومت کی جانب سے ریاست کو معاشی طور پر کمزور کرنے کے باوجود ریونت ریڈی انتخابی وعدوں کی تکمیل کررہے ہیں اور حکومت کی کئی اسکیمات ملک کیلئے مثالی ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ کانگریس کی 17 ماہ پر مبنی حکومت ایک فلاحی حکومت ثابت ہوئی ہے۔ اُنھوں نے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ فلاحی اسکیمات کی عوام میں زیادہ سے زیادہ تشہیر کریں۔ رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور رکن قانون ساز کونسل بی وینکٹ اِس موقع پر موجود تھے۔ پوسٹر میں جن 17 فلاحی اسکیمات کا ذکر کیا گیا اُن میں کسانوں کی قرض معافی، رعیتو بھروسہ، اندراماں ہاؤزنگ، اندراماں آتمیہ بھروسہ، 200 یونٹ مفت برقی، 500 روپئے میں پکوان گیاس سیلنڈر، راشن کارڈ پر باریک چاول کی سربراہی، خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت، آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج، راجیو یوا وکاسم، موسی ریور فرنٹ پراجکٹ، 63310 سرکاری جائیدادوں پر تقررات، ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولس، ینگ انڈیا پولیس اسکول، ایس سی زمرہ بندی، فیوچر سٹی اور ہیلت یونیورسٹی شامل ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے مجالس مقامی کے انتخابات کے پیش نظر دیہی علاقوں تک حکومت کی اسکیمات کو مؤثر انداز میں پہنچانے کے لئے ضلع کانگریس کمیٹیوں کو سرگرم ہونے کی ہدایت دی۔1