کانگریس رکن اسمبلی سیتکا نے کورونا مریضوں کے لیے فری ایمبولنس سرویس کا آغاز کیا

   

حیدرآباد۔ کانگریس کی رکن اسمبلی سیتکا اور این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ نے راہول بھروسہ پروگرام کے تحت کورونا کے مریضوں کی سہولت کیلئے شاد نگر میں فری ایمبولنس سرویس کا آغاز کیا ہے۔ اس کے علاوہ کانگریس کی جانب سے ہائیوکلورائیڈ کے چھڑکاؤ کا اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ کورونا وائرس کا خاتمہ ہو۔ این ایس یو آئی کے آل انڈیا کنوینر دنیش ساگر مدیراج کی جانب سے شاد نگر میں کورونا مریضوں کے رشتہ داروں کو گذشتہ پانچ دنوں سے مفت غذا سربراہ کی جارہی ہے۔ راہول گاندھی نے ملک بھر کے کانگریس کارکنوں کو کورونا مریضوں کی مدد کیلئے آگے آنے کی اپیل کی ہے۔ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر وشنو وردھن ریڈی کے ہمراہ رکن اسمبلی سیتکا اور بی وینکٹ نے فری ایمبولنس سرویس کا افتتاح کیا۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ کانگریس کی طلباء تنظیم کی جانب سے کورونا مریضوں کی مدد کیلئے ایمبولنس کا آغاز خوش آئند ہے۔ شاد نگر میں مریضوں کی منتقلی میں دشواری کا سامنا تھا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی صدر سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے حکومت کی ناکامی کو دیکھتے ہوئے کانگریس قائدین اور کارکنوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ تلنگانہ کے دیہی علاقوں میں کورونا کے علاج کی کوئی سہولت نہیں ہے اور مریضوں کو حیدرآباد منتقل کرنے کی صورت میں دواخانوں میں بیڈس دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طبی سہولتوں کی کمی کے نتیجہ میں دیہی علاقوں میں اموات کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔