بھونگیر قلعہ کے تحفظ کیلئے خصوصی فنڈز جاری کرنے سے مرکزی وزیر کا اتفاق
حیدرآباد۔ /11 جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے نئی دہلی میں وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی سے ملاقات کی اور بھونگیر کے قلعہ کی ترقی کے اقدامات کی اپیل کی۔ وینکٹ ریڈی نے کشن ریڈی کو ایک مکتوب حوالے کیا جس میں کہا گیا ہے کہ بھونگیر کے قلعہ کو ترقی دیتے ہوئے سیاحتی مرکز میں تبدیل کیا جانا چاہیئے۔ مرکزی وزیر کی حیثیت سے کشن ریڈی کو پہل کرنی چاہیئے۔ انہوں نے تلنگانہ سے مرکزی کابینہ میں شامل ہونے والے پہلے کابینی وزیر کا درجہ ملنے پر کشن ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبہ کی ترقی اور سیاحتی مقامات کی توسیع کے ذریعہ کشن ریڈی کو ملک میں اپنی کارکردگی کی مثال قائم کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بھونگیر پارلیمانی حلقہ میں تاریخی قلعہ موجود ہے جس کی خستہ حالی دور کرنے کیلئے مرکز کو توجہ دینی چاہیئے۔ قلعہ کی تعمیر و مرمت اور تزئین نو کیلئے خصوصی فنڈز الاٹ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے فرد کی حیثیت سے کشن ریڈی کو بھونگیر کے قلعہ کی تاریخ اور اس کی اہمیت سے واقفیت حاصل کرنی چاہیئے۔ تلنگانہ حکومت قلعہ کی ترقی و تحفظ کے اقدامات سے قاصر ہے۔ ملک میں کئی تاریخی مقامات میں بھونگیر کے قلعہ کا شمار ہوتا ہے۔ اگر فوری توجہ نہیں دی گئی تو اس کا حشر بھی دیگر تاریخی مقامات کی طرح ہوگا۔ انہوں نے کشن ریڈی سے خصوصی فنڈز کی اجرائی کی درخواست کی۔ مرکزی وزیر نے کومٹ ریڈی کو تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں مرکزی بجٹ سے فنڈز مختص کریں گے۔ اگرچہ یہ ملاقات بھونگیر کے قلعہ کی ترقی کے بارے میں نمائندگی پر مبنی تھی لیکن سیاسی حلقوں میں اسے دوسری نظر سے دیکھا جارہا ہے۔