مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث ہونے والوں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا : مہیش کمار گوڑ
حیدرآباد۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے مخالف پارٹی سرگرمیوں میں شامل رہنے والے کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل نوین کمار (تین مار ملنا) کو کانگریس پارٹی سے معطل کردیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پارٹی کے اُصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تادیبی کارروائی کرنے سے قبل ذات پات، مذہب اور سینیارٹی نہیں دیکھی جائے گی بلکہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تین مار ملنا کو مخالف پارٹی سرگرمیوں میں شامل ہونے کے خلاف کئی مرتبہ سمجھایا گیا، انتباہ دیا گیا، باوجود اس کے انہوں نے اپنا رویہ تبدیل نہیں کیا جس کے خلاف پردیش کانگریس کمیٹی نے ہائی کمان سے مشاورت کے بعد تین مار ملنا کو پارٹی سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کی گئی مردم شماری ملک کیلئے رول ماڈل ہے۔ راہول گاندھی نے مردم شماری کرانے کا عوام سے وعدہ کیا تھا۔ جس کو کانگریس حکومت نے کامیابی سے انجام دیا ہے۔ اگر بی سی مردم شماری پر تین مار ملنا کو کوئی تحفظات تھے تو وہ پارٹی کے اندرونی حلقوں میں رکھ سکتے تھے، تجاویز اور مشورے دینے کا سب کو اختیار ہے، لیکن پارٹی حدود پار کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ بی سی مردم شماری کے خلاف تین مار ملنا نے حکومت پر تنقیدیں کی تھیں اور ساتھ ہی پارٹی کی توہین کے بھی مرتکب ہوئے تھے جس کے خلاف تلنگانہ پردیش کانگریس کی تادیبی کمیٹی نے انہیں 5 فروری کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی تھی۔ 12 فروری تک وضاحت کرنے کی مہلت دی گئی تھی، لیکن انہوں نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا، جس پر انہیں پارٹی سے معطل کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کانگریس ایک قومی جماعت ہے جہاں جمہوریت پائی جاتی ہے، پارٹی کے قائدین کو اظہار خیال کی آزادی ہے، لیکن اس کا بیجا استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ 2