نئی دہلی، 3نومبر (یواین آئی) راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے کانگریس کی خاندانی سیاست، آئینی اداروں پر لگائے جا رہے الزامات اور ملک کی ثقافت و روایات کے تئیں کانگریسی رہنماؤں کے رویے کے تعلق سے اس پر سخت تنقید کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس خاندانی سیاست کرنے والی جماعت ہے اور اب تو اس کے اپنے لوگ بھی اسے پسند نہیں کرتے ۔شرما نے منگل کو نئی دہلی کے جو دھ پور ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے لوگ کہتے ہیں کہ 70 سال گزرنے کے بعد بھی ہماری باری نہیں آ رہی ہے ۔ کانگریسی رہنماؤں کی ناراضگی اور بے چینی کی وجہ اقتدار حاصل نہ ہونا ہے ۔ کرسی نہ ملنے کی بے چینی میں وہ پریشان ہیں اور انہیں ابھی مزید طویل عرصے تک اپوزیشن میں ہی رہنا پڑے گا۔ وزیر اعلیٰ نے ای وی ایم کے معاملے پر کانگریس کی دوہری پالیسی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جہاں وہ انتخابات جیتتے ہیں، وہاں ای وی ایم درست ہوتی ہے اور جہاں ہارتے ہیں، وہاں ای وی ایم خراب ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے آئینی اور خودمختار اداروں پر مسلسل الزامات لگانے کی کانگریس کی روش پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران کانگریس نے فوج پر الزامات لگائے ۔ اب وہ الیکشن کمیشن اور عدالتوں پر الزام عائد کرتی ہے ۔ آخر ایسا کون سا ادارہ ہے جس پر اس نے الزام نہیں لگایا؟ ملک کی ثقافت، روایات اور مذہبی مقامات کے بارے میں کانگریسی رہنماؤں کے بیانات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی اور کانگریس کے دیگر رہنماؤں نے ہمیشہ ملک کی ثقافت پر انگلی اٹھائی ہے ۔ ملک کی عظیم ثقافت، روایات اور عظیم شخصیات کا احترام سب سے مقدم ہے ۔ کانگریس کو اپنی سوچ بدلنے کی ضرورت ہے ۔ اسے ملک کی عظیم شخصیات کے احترام کے بارے میں سوچنا چاہیے اور جب تک وہ ایسا نہیں کرے گی، اس کی حالت مزید خراب ہوگی۔
انہوں نے راجستھان میں توانائی کے شعبہ میں ہونے والی پیش رفت اور حکومت کے عزم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال 2027 میں ریاست کے تمام اضلاع کے کسانوں کو دن کے وقت بجلی فراہم کی جائے گی۔ ریاست کے 27 اضلاع میں دن کے وقت بجلی کی فراہمی شروع بھی کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو پوری بجلی فراہم کی جائے گی اور صارفین کو 24 گھنٹے بجلی دستیاب کرائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں جس طرح ملک نے ترقی کی ہے ، اسی طرح راجستھان بھی توانائی کے شعبے میں نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔ راجستھان بجلی کے شعبے میں خود کفالت کی جانب آگے بڑھ رہا ہے ۔