کانگریس نے بی جے پی پر نفرت پھیلانے اور سماج کو تقسیم کرنے کا الزام لگایا

   

نئی دہلی، 2 جولائی، (یواین آئی) دہلی پردیش کانگریس کمیٹی نے بی جے پی پر نفرت پھیلانے اور سماج کو تقسیم کرنے کے ایجنڈے پر کام کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اس کے خلاف لڑنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔تنظیم سازی مہم کے تحت، یہاں کی 258 بلاک کانگریس کمیٹیوں نے منگل کو جئے باپو، جئے بھیم، جئے سمودھان کے عنوان پر کانفرنسوں کا انعقاد کیا۔ پارٹی کے ریاستی صدر دیویندر یادو نے بھی کئی کانفرنسوں میں حصہ لیا۔ اس دوران پارٹی کے بلاک ایگزیکٹو ممبران اور علاقائی کارکنوں نے ایک قرارداد بھی منظور کی اور کہاکہہم کانگریس صدر ملکارجن کھرگے ، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی اور یادو کی قیادت میں، نفرت پھیلانے اور سماج کو تقسیم کرنے کے بی جے پی کے ایجنڈے کے خلاف لڑیں گے ۔ مہاتما بدھ اور مہاتما گاندھی کے سچائی اور عدم تشدد کے نظریات، بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے سماجی انصاف کے تصور اور آئین میں درج اصولوں، دلتوں، قبائلیوں، پسماندہ اور محروم طبقات کے حقوق کی خلاف ورزی کے خلاف مل کر لڑیں گے۔
محروم طبقات کی عدالتوں، صحافت، کاروبار، یونیورسٹیوں سمیت تمام شعبوں میں حصہ داری اور شراکت کو یقینی بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

اس دوران مسٹر یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، الیکشن کمیشن، سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) جیسے آئینی اداروں کو مکمل طور پر سیاسی ٹول میں تبدیل کرکے اپوزیشن جماعتوں کے خلاف انتقامی جذبے کے ساتھ کام کر رہی ہے ۔