نئی دہلی ،4اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ 10 اگست کوہوگی ۔کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے اتوار کویہاں یہ اطلاع دی ۔انھوں نے بتایاکہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ 10اگست کو یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں ہوگی ۔ورکنگ کمیٹی کی پچھلی میٹنگ 25مئی کوہوئی تھی جس میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی شکست کی ذمہ داری لیتے ہوئے عہدے سے استعفیٰ دینے کی پیش کش کی تھی ۔کمیٹی نے اتفاق رائے مسٹر گاندھی کو عہدے پر برقرار رہنے کی درخواست کی تھی لیکن وہ اپنے فیصلے پر قائم ہیں اور ابھی تک کسی کو پارٹی کی ذمہ داری نہیں سونپی گئی ہے ۔کانگریس کارکنوں کو امیدہے کہ 10اگست 11 بجے دن کو ہونے والی میٹنگ میں پارٹی کے اگلے صدر کے بارے میں بھی غورکیاجائیگا۔پارٹی کے کچھ لیڈر نوجوان قیادت کو پارٹی کی کمان سونپنے کی بات کررہے ہیں۔موجودہ صدر کانگریس راہول گاندھی نے واضح کردیا ہیکہ انہوں نے صدارت سے مستعفی ہونے کے فیصلے کا 25 مئی کو اعلان کردیا ہے جبکہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کو ناکامی ہوئی تھی حالانکہ ان کا استعفیٰ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے مسترد کردیا اور انہیں تمام سطحوں پر پارٹی کی تنظیم جدید کا اختیار دے دیا لیکن انہوں نے کہا کہ وہ اپنے موقف پر اٹل ہیں۔ چنانچہ حال ہی میں کئی کانگریسی قائدین پارٹی سے انحراف کرچکے ہیں اور اپنے عہدوں سے مستعفی ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے ہندوستان کی قدیم ترین سیاسی پارٹی بحران کا سامنا کررہی ہے۔