ادارہ جات مقامی کے انتخابات اور تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال جائے گا
حیدرآباد۔ 15 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس پولیٹیکل افیئرس کمیٹی کا 20 اگست کے بعد گاندھی بھون میں اجلاس منعقد ہوگا جس میں مجالس مقامی انتخابات کیلئے کانگریس کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ ذرائع کے بموجب پہلے یہ اجلاس 16 یا 17 اگست کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم ریاست میں موسلادھار بارش اور دیگر پروگرامس سے اس کے انعقاد کو 20 اگست کے بعد کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ ادارہ جات مقامی انتخابات کے معاملہ میں کانگریس کے قائدین میں 2 رائے پائی جاتی ہے۔ ریاستی وزراء فوری انتخابات منعقد کرنے پر کانگریس کو فائدہ کے امکانات کا اظہار کررہے ہیں۔ چند قائدین بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے پر انتخابات نہ کرنے کا پارٹی اور حکومت پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ حال میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے چیف منسٹر کی قیام گاہ پہنچ کر ریونت ریڈی سے ملاقات کی، مقامی اداروں انتخابات اور بی سی تحفظات پر تبادلہ خیال کیا ہے جس پر چیف منسٹر نے قائدین کی اکثریتی رائے حاصل کرنے تلنگانہ کانگریس پولیٹیکل افیئرس کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں ریاست کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے اور پارٹی قائدین کی رائے لینے کے بعد انتخابات کب منعقد کرانا ہے اس کے تعین کا فیصلہ کیا۔ اے آئی سی سی کی تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن نے بھی پی اے سی کا اجلاس منعقد کرنے کی چیف منسٹر اور پی سی سی صدر کو ہدایت دی۔ کانگریس ذرائع نے بتایا کہ اگست کے اواخر تک منڈل کانگریس کمیٹیوں کی تشکیل کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اگر اتفاق سے آئندہ ماہ مقامی اداروں کے انتخابات منعقد کئے جاتے ہیں تو یہ کمیٹیاں اہم رول ادا کریں گی۔ 2