کانگریس کا دیڑھ ماہی اقتدار مقدمات ، سازش اور دھمکیوں سے بھر پور

   

راہول گاندھی اڈانی کو بدعنوان قرار دے رہے ہیں ، ریونت ریڈی انہیں گلے لگا رہے ہیں : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے سینئیر رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے ڈاوس کے اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کرنے پر کے ٹی آر کو تنقید کا نشانہ بنانے والے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ڈاؤس کا دورہ کرنے کی وجہ طلب کی ۔ گجویل میں بی آر ایس پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس کے قائد راہول گاندھی نے اڈانی کی بدعنوانیوں کے پیچھے وزیراعظم نریندر مودی ہونے کا الزام عائد کیا تھا ۔ اب اسی اڈانی کو چیف منسٹر ریونت ریڈی جھک جھک کر سلامی پیش کررہے ہیں ۔ راہول گاندھی صحیح یا ریونت ریڈی کانگریس پارٹی عوام کے سامنے اس کی وضاحت کریں ۔ کانگریس پارٹی نے ماضی میں بی جے پی کے خلاف جنگ لڑنے کا اعلان کیا تھا ۔ اب دونوں جماعتیں مل کر کام کررہی ہیں ۔ بی آر ایس واحد سیکولر جماعت ہے جس نے بی جے پی کے سرکردہ قائدین بنڈی سنجے ، رگھونندن راؤ ، ڈی اروند ، ایٹالہ راجندر کو شکست دی ہے ۔ کانگریس اور بی جے پی نے گجویل میں خفیہ ساز باز کرتے ہوئے بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کو شکست دینے کی کوشش کی تھی ۔ تاہم مقامی عوام نے دونوں جماعتوں کے ناپاک عزائم کو شکست دے دی ہے ۔ گجویل کے ترقیاتی کاموں کو کانگریس حکومت روکنے کی کوشش کررہی ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر تیزی سے روبہ صحت ہورہے ہیں ۔ آئندہ 10 تا 15 دن میں گجویل کا دورہ کریں گے ۔ کرناٹک حکومت کے 6 ماہ کی تکمیل کے باوجود وہاں کی کانگریس حکومت 5 گیارنٹی پر عمل کرنے میں ناکام ہوگئی ۔ تلنگانہ میں بھی یہی صورتحال ہے ۔ کانگریس کا دیڑھ ماہی دور اقتدار صرف مقدمات ، سازش ، بلیک میل اور ڈرانے دھمکانے کے ارد گرد گھوم رہا ہے ۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں کسی کے ساتھ کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی گئی ۔ کانگریس حکومت کی اس انتقامی کارروائی سے بی آر ایس پارٹی ہرگز خوفزدہ نہیں ہوگی وہ اور پارٹی کے دوسرے قائدین پارٹی کارکنوں کو ہمیشہ دستیاب رہیں گے فون کرتے ہی ایک گھنٹے میں ان کے سامنے رہیں گے ۔ کانگریس کے وعدوں کی تکمیل تک بی آر ایس خاموش نہیں رہے گی ۔ عوامی تحریک شروع کرے گی ۔۔ 2