کانگریس کا کہنا ہے کہ دہلی پولیس کے جوان اس کے ہیڈ کوارٹر میں داخل ہوئے اوراس کے کارکنوں کے ساتھ مارپیٹ کی۔ ایف ائی آر کی مانگ

,

   

نئی دہلی۔ مذکورہ کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ دہلی پولیس کے بعض جوان زبردستی اس کے ہیڈ کوارٹر میں داخل ہوئے او راس کے کارکنوں اور قائدین کے ساتھ چہارشنبہ کے روز مارپیٹ کی‘اس روز پارٹی نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی راہول گاندھی سے پوچھ تاچھ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ منعقد کیاتھا۔

مذکورہ پارٹی کی مانگ ہے کہ ”مجرمانہ داخلہ“ کے حوالے سے ایک ایف ائی آر درج کیاجائے‘ ان پولیس جوانوں کو برطرف کیاجائے اوران کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے۔

کانگریس کے چیف ترجمان رندیپ سرجیوالا نے رپورٹرس کو بتایاکہ”مودی حکومت کے اشاروں پر دہلی پولیس کی مطلق غنڈہ گردی کی کاروائی میں دہلی پولیس نے آج کانگریس کے قومی ہیڈکوارٹرس میں زبردستی داخل ہوئی اور پارٹی کارکنوں کے ساتھ قائدین کی بے رحمی کے ساتھ پیٹائی کی ہے۔

یہ واضح طور پر مجرمانہ مداخلت ہے۔ دپلی پولیس او رمودی حکومت کی غنڈہ گردی عروج پر پہنچ گئی ہے“۔

انہوں نے کہاکہ پارٹی کے ریاستی یونٹس چہارشنبہ کی شام کو پرامن احتجاج کریں گے اور ملک بھر میں جمعرات کی صبح پولیس کی اس کاروائی کے خلاف راج بھونوں کا محاصرہ کریں گے۔

ایک منی لانڈرنگ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے راہول گاندھی سے کی جارہی پوچھ تاچھ کے تیسرے دن بھی کانگریس نے قومی درالحکومت میں زبردست احتجاج کیا ہے۔

پولیس نے اے ائی سی سی ہیڈکوارٹرس کے سارے علاقے کامحاصرہ کرکے پولیس کی تعیناتی میں بھی اضافہ کردیاہے۔

کئی پارٹی کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیاہے اور دہلی بھر کے پولیس اسٹیشن میں انہیں محروس رکھا ہے۔

سراجیوالا نے کہاکہ ”ہم گاندھیائی طریقے سے پرامن احتجاج کررہے ہیں مگر اس قسم کا غنڈہ گردی پر مشتمل رویہ قابل قبول نہیں ہے اوراس کو تسلیم نہیں کیاجاسکتا ہے“۔انہوں نے کہاکہ 17جون کو تمام اضلاع کے ہیڈکوارٹرس پر ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ منعقد کیاجائے گا۔