کانگریس کی 8 ماہی حکومت میں تلنگانہ میں76,232 کروڑ کی سرمایہ کاری

   

جنوری میں کئے گئے دورے سے 40 ہزار کروڑ ، حالیہ امریکہ اور جنوبی کوریا دورے سے 36 ہزار کروڑ کے معاہدے
ریاست میں سرمایہ کاری سے بیرونی ممالک کی کمپنیوں کی دلچسپی، چیف منسٹر دفتر کا اعلان، ریکارڈ سطح پر معاہدے
حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد 8 ماہ میں 76,232 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری ہونے کا چیف منسٹر کے دفتر نے انکشاف کیا ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے حالیہ دورہ امریکہ سے 31,502 کروڑ روپئے ،جنوبی کوریا کے دورہ سے 4500 کروڑ کی سرمایہ کاری ملی ہے۔ جملہ 25 کمپنیوں سے معاہدے کئے گئے جس کے نتیجہ میں تلنگانہ کے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملے گا ۔جاریہ سال جنوری میں ڈاوس میں ورلڈ اکنامک کانفرنس میں چیف منسٹر نے حصہ لیا تھا جہاں انہوں نے دنیا کے بڑے کارپوریٹ اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کرکے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے واقف کرایا تھا جس پر 40,232 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری حاصل کی تھی۔ کانگریس حکومت تشکیل پانے کے بعد 8 ماہ میں تلنگانہ میں جملہ 76,232 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری حاصل کرکے ایک نیا ریکارڈ بنایا گیا ۔ جنوبی کوریا کے دورہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے وفد نے آٹو موٹیو، الیکٹرانکس، سیمی کنڈکٹر، ٹیکسٹائیل شعبوں پر خصوصی توجہ دی۔ چیف منسٹر نے سرمایہ کاروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے پر حکومت سے مکمل تعاون کا تیقن دیا۔ ریونت ریڈی کے تیقن پر امریکی کمپنیوں کی طرح جنوبی کوریا کی کمپنیوں نے بھی مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ ہنڈائی موٹرس نے تلنگانہ میں آٹو موٹیو ٹسٹ سنٹر قائم کرنے کا معاہدہ کیا ہے ۔ ورنگل میگا ٹیکسٹائیل پارک میں سرمایہ کاری کیلئے ینگ ون کمپنی نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ تلنگانہ میں کاسمیٹک تیاری کیلئے مواقع میں سرمایہ کاری کیلئے کورین بیوٹی انڈسٹری ٹریڈ اسوسی ایشن کو حکومت نے دعوت دی ہے۔ فارما کمپنی ڈان بیانگ نے 200 کروڑ روپئے مصارف سے ایک مینوفیکچر سنٹر، جے آئی ٹیک کمپنی نے ایل ای ڈی میٹریل تیاری کے پلانٹ کے ساتھ آر اینڈ ڈی سنٹر قائم کرنے 100 کروڑ کی سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ۔چاوی نامی کمپنی نے حیدرآباد میں ای وی چارجنگ ان فرانی تیاری سے رضامندی کا اظہار کیا ۔ ایل ایس گروپ، پوسکو، ایل جی، سیامسنگ، کرافٹن، یویو فارما، جی ایس کالٹیکس کمپنی نمائندوں سے چیف منسٹر کے وفد نے تبادلہ خیال کیا ۔ چیف منسٹر دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ ریونت ریڈی کورین اسپورٹس یونیورسٹی کی طرز پر ریاست میں اسپورٹس یونیورسٹی قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔2