سینئر قائدین سے مانکیم ٹیگور کی ملاقات، منگوڑ کے ہر منڈل اور گاؤں میں دورہ کی تیاریاں
حیدرآباد ۔11۔اگست (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے نلگنڈہ کے منگوڑ اسمبلی حلقہ میں بڑے پیمانہ پر مہم کا فیصلہ کیا ہے ۔ 13 اگست سے اسمبلی حلقہ میں پد یاترا کا آغاز ہوگا اور ہر منڈل میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس منعقد ہوں گے۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی نے آج گاندھی بھون میں پارٹی کے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راجو ، ندیم جاوید ، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ، انجن کمار یادو ، نائب صدر آر دامودر ریڈی اور نلگنڈہ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر شنکر نائک ، بھونگیر ضلع کانگریس صدر کے انیل اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ مانکیم ٹیگور نے پردیش کانگریس کمیٹی کی محاذی تنظیموں کے قائدین کا اجلاس منعقد کیا جس میں ورکنگ پریسیڈنٹ محمد اظہرالدین ، پروگرام عمل آوری کمیٹی کے صدرنشین مہیشور ریڈی ، صدرنشین میناریٹی ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل کے علاوہ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور یوتھ کانگریس و این ایس یو آئی کے قائدین نے شرکت کی ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ منگوڑ ضمنی چناؤ میں محاذی تنظیموں کا رول اہمیت کا حامل رہے گا۔ محاذی تنظیموں کے قائدین کو ابھی سے حلقہ میں متحرک ہوجانا چاہئے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ضمنی چناؤ کانگریس کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس متحد ہوکر کانگریس کو شکست دینا چاہتے ہیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے اشارہ پر راج گوپال ریڈی نے استعفیٰ دیا ہے۔ اسپیکر نے صرف پانچ منٹ میں استعفیٰ منظور کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ 13 اگست کو اسمبلی حلقہ میں پد یاترا کا آغاز ہوگا جس میں ریونت ریڈی ، اتم کمار ریڈی اور دیگر قائدین شرکت کریں گے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے پد یاترا میں شرکت کی توثیق کی ہے جو 13 کیلو میٹر تک جاری رہے گی ۔ 16 اگست کو ریونت ریڈی مقامی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے ۔ 18 اور 19 اگست کو منڈل واری سطح پر اجلاس ہوں گے اور 20 اگست کو راجیو گاندھی جینتی تقاریب 175 گاؤں میں منائی جائیں گی۔ ر