مانکیم ٹیگور کی قائدین سے مشاورت، پرینکا گاندھی کو انچارج مقرر کرنے کا خیرمقدم
حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) نلگنڈہ کے منگوڑ اسمبلی حلقہ میں کانگریس کو متحرک کرنے کیلئے جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی نے گاندھی بھون میں اجلاس منعقد کیا۔ اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راجو اور ندیم جاوید کے علاوہ منگوڑ کے منڈلوں کے انچارج قائدین نے اجلاس میں شرکت کی۔ پردیش کانگریس کے سینئر قائدین جو منگوڑ کی مہم میں انچارج مقرر کئے گئے ہیں اجلاس میں شریک رہے۔ تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ کی عدم شرکت پر مانکیم ٹیگور نے ناراضگی جتائی۔ اجلاس میں اے آئی سی سی سکریٹری روہت چودھری کے علاوہ مہیش کمار گوڑ، انجن کمار یادو اور دوسروں نے شرکت کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مانکیم ٹیگور نے کہا کہ 20 اگسٹ سے منگوڑ میں کانگریس پارٹی مہم کا آغاز کرے گی۔ قائدین ہر گاؤں کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 14 سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا۔ مانکیم ٹیگور نے کہا کہ پرینکا گاندھی کو تلنگانہ کا انچارج مقرر کرنا ہائی کمان کا خوش آئند فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ منگوڑ کیلئے 100 دن کا ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض قائدین کے استعفی سے پارٹی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ کانگریس قائدین متحدہ طور پر انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ مانکیم ٹیگور نے بتایا کہ دیگر پارٹیوں سے کئی اہم قائدین کانگریس میں شمولیت کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارٹی متحدہ طور پر مقابلہ کرے گی۔ 7 ستمبر کو راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کا آغاز ہوگا اور اکٹوبر کی آخر تک یاترا جاری رہے گی۔ر