کانگریس کے بی سی ڈیکلریشن کی کاماریڈی میں اجرائی

   

سالانہ 20 ہزار کروڑ کا بجٹ، تحفظات میں 42 فیصد تک اضافہ
حیدرآباد۔/10نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات کیلئے بی سی طبقات کی تائید حاصل کرنے علحدہ بی سی ڈیکلریشن جاری کیا۔ چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا نے آج کاماریڈی میں ایک بڑے جلسہ عام میں بی سی ڈیکلریشن جاری کیا جس میں بی سی طبقات کیلئے مختلف مراعات کا اعلان کیا گیا ہے۔ کانگریس نے ابھی تک اقلیتوں، خواتین، نوجوانوں اور دلتوں کیلئے علحدہ ڈیکلریشن جاری کیا ہے۔ کاماریڈی میں کے سی آر کے مقابلہ ریونت ریڈی کے انتخابات میں حصہ لینے کے سبب پارٹی نے بی سی چیف منسٹر سدارامیا کے ہاتھوں بی سی ڈیکلریشن جاری کیا ہے۔ پارٹی نے تلنگانہ میں برسراقتدار آتے ہی اندرون 6 ماہ ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری اور بی سی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق تحفظات میں اضافہ کا تیقن دیا۔ مجالس مقامی میں بی سی تحفظات کو 23 فیصد سے بڑھا کر 42 فیصد کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے جس کے تحت پنچایتوں اور میونسپلٹیز میں بی سی طبقہ کے مزید 23973 افراد کو نمائندگی ملے گی۔ پارٹی نے مجالس مقامی میں ذیلی طبقات کو تحفظات کی فراہمی کا تیقن دیا۔بی سی طبقات کی ترقی کیلئے سالانہ 20 ہزار کروڑ اور پانچ برسوں میں ایک لاکھ کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ انتہائی پسماندہ بی سی طبقات کی ترقی کیلئے علحدہMBC وزارت تشکیل دی جائے گی۔ بی سی طبقات کیلئے علحدہ کارپوریشن قائم کئے جائیں گے۔ پروفیسر جئے شنکر کے نام سے ہر ضلع ہیڈ کوارٹر پر 50 کروڑ کے صرفہ سے بی سی بھون تعمیر کئے جائیں گے۔ ڈیکلریشن میں مدیراج، گنگا پترا، یادو، کرما ، گوڑ، منورکاپو، پدماشالی، وشوا کرما اور رجکا طبقات کیلئے مختلف مراعات کا وعدہ کیا گیا۔ بی سی طبقات کو قانون ساز اداروں میں مناسب نمائندگی دی جائے گی۔