حیدرآباد۔/12اکٹوبر، ( سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدارتی الیکشن کیلئے تلنگانہ سے 4 الیکشن ایجنٹس کے ناموں کو منظوری کیلئے نئی دہلی روانہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے تمام مندوبین جنہیں صدارتی الیکشن میں ووٹ دینے کا حق حاصل ہے وہ سینئر قائدین ملکارجن کھرگے کی تائید میں ہیں۔ 17 اکٹوبر کو رائے دہی کے موقع پر ملکارجن کھرگے کیلئے 4 الیکشن ایجنٹس کے ناموں کو قطعیت دی گئی ہے جن میں محمد علی شبیر، ڈاکٹر ملوروی، مال ریڈی رنگاریڈی اور انیل کمار یادو شامل ہیں۔ تمام طبقات کو اس سلسلہ میں نمائندگی دی گئی ہے۔ چیف ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے منظوری کے بعد ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ یہ الیکشن ایجنٹس رائے دہی کے موثر انعقاد میں الیکشن حکام سے تعاون کریں گے۔ واضح رہے کہ صدارتی الیکشن کے دوسرے امیدوار ششی تھرور کو تلنگانہ میں کوئی تائید حاصل نہیں ہوئی لہذا رائے دہی کے موقع پر ان کی جانب سے الیکشن ایجنٹس کی موجودگی کے امکانات موہوم دکھائی دے رہے ہیں۔ر