کجریوال کی عدالتی تحویل میں 8 اگست تک توسیع

   

گرتی صحت کیخلاف انڈیا اتحاد کا30جولائی کو احتجاج

نئی دہلی: دہلی شراب پالیسی اسکام سے متعلق سی بی آئی کے دائر مقدمہ میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کی عدالتی تحویل میں توسیع کر دی گئی ہے۔ ان کی عدالتی حراست کی مدت ختم ہونے کے بعد انہیں آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔وزیر اعلیٰ کجریوال فی الحال ای ڈی اور سی بی آئی دونوں معاملات کے سلسلے میں جیل میں قید ہیں۔ انہیں ای ڈی نے منی لانڈرنگ کے مبینہ الزام میں حراست میں لیا تھا جبکہ سی بی آئی نے 26 جون کو بدعنوانی کے معاملے میں ان کے خلاف کارروائی کی تھی۔ دونوں جانچ ایجنسیوں کی طرف سے اٹھایا گیا یہ قدم کجریوال کے لیے دوہرا جھٹکہ ہے۔ کجریوال کو منی لانڈرنگ کیس میں سپریم کورٹ سے عبوری ضمانت مل گئی ہے جب کہ سی بی آئی کا معاملہ ابھی بھی دہلی ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے۔دوسری طرف کجریوال کے علاوہ منیش سسودیا اور کے کویتا کو بھی آج عدالت میں پیش کیا گیا۔ سسودیا اور کے کویتا کی عدالتی تحویل میں 31 جولائی تک توسیع کر دی گئی ہے جب کہ کجریوال کو اب 8 اگست تک جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہنا پڑے گا۔کجریوال دہلی شراب گھوٹالہ کیس میں 21 مارچ سے جیل میں ہیں۔ دوسری طرف عام آدمی پارٹی مسلسل اپنے لیڈروں کا دفاع کرنے میں لگی ہوئی ہے اور اسے مرکزی حکومت کی سیاسی سازش قرار دے رہی ہے۔جیل میں کجریوال کی صحت مسلسل بگڑرہی ہے ۔ اس سلسلہ میں حکومت کی لاپرواہی کے خلاف انڈیا اتحاد کی جماعتوں نے 30جولائی کو جنتر منتر پر بڑے پیمانے پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔عام آدمی پارٹی کی جانب سے کجریوال کو مارنے کی سازش کا حکومت پر الزام عائد کیا جارہا ہے ۔