منریگا سے بابائے قوم کا نام ہٹانے پر مرکزی حکومت پرچیف منسٹر بنگال کی تنقید
کولکاتہ۔18؍ڈسمبر ( ایجنسیز )لوک سبھا میں آج اپوزیشن کے ہنگامہ کے درمیان ’وی بی-جی رام جی‘ بل کو منظوری مل گئی۔ دوسری طرف چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے ایک بڑا اعلان کرکے وزیر اعظم مودی اور ان کی حکومت کو سخت جواب دیا ہے۔دراصل ممتا بنرجی نے اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت دیہی روزگار گارنٹی منصوبہ ’کرم شری‘ کا نام بدل کر مہاتما گاندھی کے نام پر رکھے گی۔ انھوں نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ منریگا منصوبہ سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹایا جانا شرمناک ہے۔ اگر وہ بابائے قوم کو احترام نہیں دے سکتے، تو ہم دیں گے۔ممتا بنرجی نے ’بزنس اینڈ انڈسٹری کنکلیو‘ میں بی جے پی کا نام لیے بغیر کہا کہ اگر کچھ سیاسی پارٹیاں ہماری قومی علامتوں کا احترام کرنے میں ناکام رہتی ہیں تو ہم ان (علامتوں) کا احترام کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مجھے شرم آتی ہے کہ انھوں نے منریگا پروگرام سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم اب بابائے قوم کو بھی فراموش کر رہے ہیں۔ اب ہم اپنی ریاست کے ’کرم شری‘ منصوبہ کا نام مہاتما گاندھی کے نام پر رکھیں گے۔ ’کرم شری‘ منصوبہ کے تحت حکومت کا دعویٰ ہے کہ وہ استفادہ کنندگان کو 75 دنوں تک کا کام دیتی ہے اس کے باوجود کہ مرکزی حکومت منریگا کے تحت فنڈ روک رہی ہے۔وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ ریاست کا ہدف مستقبل میں ’کرم شری‘ کے تحت کام کے دنوں کی تعداد بڑھا کر 100 کرنا ہے۔ اگر مرکزی فنڈ بند بھی ہو جاتے ہیں تو ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ لوگوں کو کام ملے۔ ہم بھکاری نہیں ہیں۔
