کرن رجیجو کا دورۂ سعودی عرب مکمل

   

نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور وپارلیمانی امور کرن رجیجو نے 11 جنوری سے 14 جنوری 2025 تک سعودی عرب کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے آئندہ حج کی تیاریوں کے حوالے سے اہم بات چیت کی ، جس میں حج 2025 کیلئے دو طرفہ معاہدے پر دستخط کرنا شامل تھا ۔ ان کے دورے کے دوران حج و عمرہ کانفرنس اور نمائش کے افتتاحی اجلاس میں شرکت اور اس میں سعودی حکام کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی شامل تھیں۔ دورے کے دوران مرکزی وزیر نے جدہ اور مدینہ میں ہندوستانی عازمین حج کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔حج2025 کیلئے دوطرفہ معاہدے ، جس میں ہندوستانی عازمین کیلئے حج کے وسیع فریم ورک کی تفصیل ہے ، 13 جنوری کو جدہ میں ہندوستانی وزیر حج اور سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے دستخط کیے ، جس کے مطابق ہندوستان کیلئے 1,75,025 عازمین کا حج کوٹہ مختص کیا گیا ہے ۔مرکزی وزیر نے جدہ میں سعودی وزارت حج و عمرہ کے تحت منعقدہ چوتھی حج و عمرہ کانفرنس اور نمائش کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی۔ یہ کانفرنس ہر سال منعقد کی جاتی ہے اور اس میں حج و عمرہ کی خدمات کے حوالے سے اہم فیصلہ سازوں، ماہرین اور محققین کی میٹنگز اور ورکشاپس شامل ہوتی ہیں اور اس میں بہترین طریقوں اور خیالات اور اطلاعات کے تبادلے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے ۔ رجیجو نے ڈاکٹر توفیق کے ساتھ حج 2025 کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا اور ہندوستانی عازمین کیلئے محفوظ، آرام دہ اور پرامن حج کو یقینی بنانے کیلئے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔