بنگلورو : کرناٹک اسمبلی انتخابات 2023 ء کے لئے ووٹنگ چہارشنبہ 10 مئی کو منعقد ہوگی۔ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ووٹنگ کا وقت ہوگا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے مارچ میں معلنہ شیڈول کے مطابق ریاست بھر میں ایک ہی مرحلہ میں رائے دہی منعقد کی جارہی ہے۔ مجموعی طور پر 5.31 کروڑ رائے دہندے ریاست بھر میں زائداز 58,500 پولنگ اسٹیشنوں میں اپنے ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ 2,615 امیدوار 224 رکنی قانون ساز اسمبلی کے لئے انتخابی میدان میں ہیں۔ رائے دہندوں میں 2.67 کروڑ مرد اور 2.64 کروڑ خواتین ہیں جبکہ امیدواروں میں 2430 مرد اور 184 خواتین شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کی معلومات کے مطابق 11.71 لاکھ سے زیادہ نوجوان ووٹرس ہیں جبکہ 5.71 لاکھ سے زیادہ معذور افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ 80 سال سے زائد عمر والے ووٹرس کی تعداد 12.15 لاکھ ہے۔