کرناٹک میں شدید بارش سے دریائے کرشنا میں تیز بہاو جاری

,

   

میڈی گڈہ بیاریج کے دروازے کھول دئے گئے ۔ انارم بیاریج سے بھی پانی کا اخراج
حیدرآباد ۔ /6 اگست (سیاست نیوز) کرناٹک کے مختلف مقامات پر شدید بارش کی وجہ سے دریائے کرشنا میں پانی کے تیز بہاؤ کا سلسلہ آج بھی جاری ہے اور امید کی جا رہی ہیکہ آئندہ دو تین یوم میں سری سیلم پراجکٹ کی جملہ سطح آب مکمل ہوجائے گی ۔ سری سیلم پراجکٹ کی مکمل سطح آب (885) فٹ ہے جبکہ موجودہ سطح (866.8) فٹ تک پہونچ چکی ہے ۔ سری سیلم میں پانی ذخیرہ کرنے کی جملہ گنجائش (215.18) ٹی ایم ہے اور موجودہ پانی کی گنجائش (129.51) ٹی ایم سیز سے زائد ہے ۔ سری سیلم پراجکٹ کے اعلیٰ عہدیداروں کے مطابق پراجکٹ میں گزشتہ چار پانچ یوم کے دوران ہر روز چھ تا سات فیٹ پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے اور اس اضافہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے پراجکٹ انجنیئروں کی جانب سے برقی پیداوار کیلئے پراجکٹ سے (45) ہزار کیوسیکس پانی یعنی دریائے کرشنا میں چھوڑا گیا ۔ جبکہ الماٹی ڈیم سے بھی پانی خاطر خواہ طور پر خارج کیا جارہا ہے ۔ آج صبح تک الماٹی ڈیم سے زائد از (2.90) لاکھ کیوسیکس پانی چھوڑا گیا جس کے باعث نارائن پور ڈیم میں زائد از تین لاکھ کیوسیکس پانی جمع ہورہا ہے ۔ دو پڑوسی ریاستوں مہاراشٹرا اور کرناٹک میں جاری بارش کی وجہ سے جورالا پراجکٹ میں بھی پانی کا ذخیرہ توقع سے کہیں زیادہ ہورہا ہے ۔ فی الوقت جورالا پراجکٹ میں جہاں ایکطرف (2.60) لاکھ کیوسیکس انفلو ہے تو (2.62) لاکھ کیوسیکس پانی کو چھوڑدیا جارہا ہے ۔ جورالا پراجکٹ میں پانی کے ذخیرہ کی مکمل گنجائش (9.657) ٹی ایم سیز رہنے کے منجملہ فی الوقت (8.690) ٹی ایم سی پانی کا ذخیرہ ہے ۔

جورالا پراجکٹ کی مکمل سطح آب (318.516) میٹرس ہونے کے منجملہ فی الوقت جورالا پراجکٹ کی سطح آب (318.040) میٹرس ہے ۔ اسی دوران گوداوری میں پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے سری پدا ایلم پلی پراجکٹ کی سطح آب مکمل ہوچکی ہے اور بہاؤ کو پیش نظر رکھتے ہوئے پانی یعنی دریائے گوداوری میں چھوڑا جارہا ہے ۔ کالیشورم پراجکٹ کے میڈی گڈہ بیاریج کے (81) گیٹس کھلے رکھے گئے ہیں ۔ علاوہ ازیں انارم بیاریج میں (9) گیٹس کھول دیئے گئے اور (7.97) لاکھ کیوسیکس پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ سری سیلم پراجکٹ انجنیئروں کے مطابق آئندہ دو تین یوم کے دوران پراجکٹ کی مکمل سطح پرہوجانے سے قبل پانی کے اخراج کا عمل شروع کردیا جائیگا اور اس سے ناگرجنا ساگر پراجکٹ کی سطح میں اضافہ کی وجہ سے پراجکٹ میں ذخیرہ آب کی گنجائش کافی بڑھ جائیگی اور پراجکٹ کی اطمینان بخش حالت بحال ہوسکے گی ۔