حیدرآباد۔4۔جون۔(سیاست نیوز) مانسون توقع کے مطابق 4 جون کو کیرالہ پہنچ چکا ہے اور جنوب مغربی مانسون کے سرگرم ہونے کے ساتھ ہی کیرالہ کے علاوہ کرناٹک کے مختلف علاقوں میں مانسون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ محکمہ موسمیات نے مانسون کی کیرالہ میں آمد کے بعد کی گئی پیش قیاسی میں اس بات کا انتباہ دیا ہے کہ جاریہ موسم باراں کے دوران معمول سے کم بارشیں ریکارڈ کی جائیں گی جو کہ زرعی سرگرمیوں کے علاوہ آبی ذخائر کے لئے نقصاندہ ثابت ہونے کا خدشہ ہے۔ کیرالہ کے ساحل سے مانسون کے ٹکرانے کے ساتھ ہی جنوبی ریاستوں میں کئی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور آئندہ دنوں کے دوران گرمی سے راحت کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی مانسون کے سرگرم ہونے کے ساتھ ہی کرناٹک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ تیز ہوچکا ہے اور توقع ہے کہ کرناٹک میں شروع ہونے والی مانسون کی بارشیں تیزی کے ساتھ جنوبی ہند کے دیگر ریاستو ںکا بھی احاطہ کرنے لگ جائیں گی۔محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق کیرالہ میں مانسون کی آمد کے ساتھ ہی لکشادیپ‘ تمل ناڈو‘ کیرالہ اور کرناٹک کے بیشتر تمام اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ بحیرۂ عرب میں موسم کی تبدیلی کے بعد رونما ہونے والی سرگرمیوں کے خلیج بنگال پہنچنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا اور اس کے ساتھ ہی جنوبی ہند کی تمام ریاستوں میں مانسون سرگرم ہوجائے گا ۔ماہرین کے مطابق موسمی تبدیلی کے منفی اثرات کی بنیادی وجہ ایل نینو کے اثرات اب بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال پر منفی ریکارڈ کئے جانے لگے ہیںاور ایل نینو کے اثرات اب بحرالکاہل منتقل ہوچکے ہیں۔3