مقننہ پارٹی کا متفقہ فیصلہ ،جمعرات کو حلف برداری
بنگلورو: کانگریس کے قومی سربراہ ملکارجن کھرگے کو کرناٹک کے نئے چیف منسٹر کے انتخاب کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ مقننہ پارٹی کے اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ سینئر قائد سرجے والا منتخب ارکان سے مشاورت کریں گے۔ ہر ایم ایل اے کانگریس کے مبصرین کی ٹیم سے ملاقات کرے گا اور انہیں اپنی پسند بتائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ کرناٹک کے نئے چیف منسٹر اور کابینہ جمعرات کو حلف لیں گے۔ کانگریس نے کھرگے سے کہا کہ وہ بنگلور کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں اپنے کرناٹک ایم ایل ایز کی میٹنگ کے بعد چیف منسٹر کی تقرری پر کوئی فیصلہ لیں۔ کانگریس نے اجلاس کیلئے تین مرکزی مبصرین کو مقرر کیا جن میں سینئر لیڈر سشیل کمار شندے، پارٹی جنرل سکریٹری جتیندر سنگھ اور اے آئی سی سی کے سابق جنرل سکریٹری دیپک بابریہ شامل ہیں۔اسی دوران نو منتخب کانگریس کے ارکان اسمبلی بھی مقننہ اجلاس کیلئے بنگلورو پہنچ گئے ہیں ۔چیف منسٹر کے نام پر تجسس برقرار ہے۔ ڈی کے شیوکمار اور سدارامیا نے اعلیٰ عہدہ کیلئے دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ شیو کمار اور سدارامیا کے حامی پوسٹرس کے ساتھ ان کے گھروں اور مقننہ اجلاس کے مقام پر اپنے قائدین کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے دیکھے گئے۔ شیوکمار کے گھر کے باہر بھی پوسٹر لگے ہیں جس میں کرناٹک کے نئے وزیر اعلی کو سالگرہ کی مبارکباد دی گئی تھی۔ کل ڈی شیوکمار کی سالگرہ ہے اور ان کے حامی اپنے قائد کیلئے سالگرہ کے تحفہ کے طور پر انہیں چیف منسٹر کے عہدہ پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کرناٹک کے نئے وزیر اعلیٰ اور کابینہ جمعرات کو حلف لیں گے۔ کانگریس نے تمام ہم خیال جماعتوں کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے دعوت نامے بھیجے ہیں۔