کراچی ۔12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان میں جونئیر سطح پر کرکٹ کا نظام کافی خراب ہے اور اب اس میں اصلاح کی خاطر پاکستان کرکٹ بورڈ بڑا قدم اٹھانے کی تیاری کررہا ہے۔ پی سی بی نے جونیر سطح پر ’’راہول ڈراویڈ ماڈل ‘‘ کو اپنانے کا فیصلہ کیا ہے ، جس کے تحت نوجوان کرکٹرس کیلئے ماضی کے کسی بڑے پاکستانی کھلاڑی کو کوچ مقرر کیا جائے گا۔ پی سی بی کی داخلی سیاست کہیں یا کچھ اور ، مگر یہ ایک سچائی ہے کہ جونیر سطح پر تقریبا ہر سیریز میں پاکستانی ٹیم کا کوچ تبدیل ہوتا رہتا ہے ، جس کا ٹیم کی کارکردگی پر بھی برا اثر پڑتا ہے۔ حالت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ انڈر19 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہے منصور رانا اب ڈیلی الاؤنس تقسیم اور میڈیا ہینڈلنگ کا کام کرتے نظر آرہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ جونیئر کرکٹ میں راہول ڈراویڈ طرز پر ایسے کوچز لائے جائیں گے ، جو ماضی میں بڑے کھلاڑی رہے ہوں۔ پی سی بی کے اصلاحاتی ایجنڈے میں یہ نکتہ اہم ہے کہ پاکستان کا کوئی بڑا کھلاڑی ہندوستانی طرز کا ماڈل اپناتے ہوئے جونیئر ٹیموں کی کوچنگ کرے۔ خیال رہے کہ ہندوستان کے سابق عظیم کرکٹ کھلاڑی راہول ڈراویڈ ہندوستان کی انڈر 19 ٹیم اور اے ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیت کو نکھارنے میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔