کریم نگر میں کسان کو جیل بھیجنے پر گورنر سوندرا راجن سنجیدہ

,

   

مسئلہ کا جائزہ لینے عہدیداروں کو ہدایت، کسان کانگریس قائد کودنڈاریڈی کی نمائندگی
حیدرآباد۔ 27 نومبر (سیاست نیوز) آل انڈیا کسان کانگریس کے ایک وفد نے سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈاریڈی کی قیادت میں گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کی اور ریاست میں ریونیو ریکارڈ میں بے قاعدگیوں کے سبب کسانوں کو درپیش مسائل سے واقف کرایا۔ گورنر نے کریم نگر سے تعلق رکھنے والے کسان کنکیا کی گرفتاری کے واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا اور اس سلسلہ میں ضروری کارروائی کا تیقن دیا۔ کودنڈاریڈی نے گورنر کو غریب کسان کنکیا کی داستان سنائی اور بتایا کہ اراضی کے کاغذات کے حصول کے لیے کنکیا ایک سال سے منڈل آفس کے چکر کاٹ رہے تھے لیکن عہدیدار پاس بک کی اجرائی میں ٹال مٹول کرتے رہے۔ کسان سے 9 ہزار روپئے رشوت حاصل کی گئی اس کے باوجود کام نہیں ہوا۔ اس صورتحال سے دلبرداشتہ ہوکر کنکیا پیٹرول کے ساتھ منڈل آفس پہنچے اور اپنے آپ کو جلانے کی کوشش کی۔ اس حرکت پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے غریب کسان کو جیل منتقل کردیا۔ کودنڈاریڈی نے بتایا کہ 4.26 ایکر اراضی کے لیے پاس بک جاری نہیں کی گئی۔ کانگریس قائدین بشمول کودنڈاریڈی نے کریم نگر جیل پہنچ کر کنکیا سے ملاقات کی۔ اس کے فوری بعد ریونیو حکام نے پاس بک جاری کردی

جبکہ کسان ابھی تک جیل میں ہے۔ گورنر سے درخواست کی گئی کہ وہ کسان کی رہائی کے سلسلہ میں حکومت کو ہدایت دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر نے کسان کو جیل بھیجنے پر دکھ کا اظہار کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس واقعہ کا نوٹ لیں تاکہ ضروری کارروائی کی جاسکے۔ گورنر کو محکمہ مال میں جاری بے قاعدگیوں سے واقف کراتے ہوئے کانگریس قائدین نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں سے ریونیو ریکارڈ کو درست کرنے کی مہم جاری ہے لیکن ابھی تک 11 لاکھ چھوٹے اور متوسط کسان پٹہ دار پاس بک سے محروم ہیں۔ وزیر مال اور سی سی ایل اے سے بارہا نمائندگی کی گئی لیکن کسانوں کی مشکلات میں کوئی کمی نہیں آئی۔ کودنڈاریڈی نے کہا کہ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما رائو نے ریونیو ملازمین اور عہدیداروں کو طلب کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کا یقین دلایا۔ کودنڈاریڈی نے کسانوں کے پٹہ دار پاس بک کے مسئلہ پر نمائندگی کے لیے کے ٹی آر سے ملاقات کا وقت مانگا تھا لیکن آج تک ملاقات سے انکار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کسانوں کی تائید میں اپنی جدوجہد تیز کرے گی اور ہر ضلع میں دھرنا منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ کوئی انتہائی اقدام نہ کریں کیوں کہ کانگریس ان کے مسائل حل کرنے کے لیے تیار ہے۔