واشنگٹن : وائٹ ہاؤس نے روس کے صدارتی محل کریملن پر مبینہ یوکرینی ڈرون حملہ کے حوالے سے امریکہ کو ملوث کرنے کا روسی الزام مسترد کر دیا۔ واشنگٹن سے خبر ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے امریکی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کریملن پر ڈرون حملہ کے پیچھے امریکہ کے ہونے کا روسی دعویٰ بالکل غلط ہے۔ جان کربی نے کہا امریکہ یوکرینی حدود سے باہر حملہ کرنے کے لیے یوکرین کی حوصلہ افزائی نہیں کرتا۔ گزشتہ روز روس نے کہا تھا کہ کریملن پر ڈرون حملہ روسی صدر کو مارنے کی کوشش ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق روس نے الزام لگایا تھا کہ روسی صدر کو مارنے کی کوشش کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے۔