فوڈ کارپوریشن چاول کی خریدی کیلئے تیار، اتم کمار ریڈی کی لوک سبھا میں توجہ دہانی
حیدرآباد۔/8ڈسمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر اغذیہ پیوش گوئل نے لوک سبھا میں واضح کردیا کہ کسانوں سے دھان کی خریدی ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے اور فوڈ کارپوریشن آف انڈیا حکومت سے چاول کی خریدی کرتا ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے لوک سبھا میں دھان کی خریدی کا مسئلہ پیش کیا اور کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومت کے متضاد موقف کے نتیجہ میں تلنگانہ کے کسان مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دھان کی خریدی روک دی گئی جس کے نتیجہ میں کسان نقصانات کے اندیشے کے تحت خودکشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔ ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ نے کسانوں کے مسائل پر جدوجہد کے بجائے ڈرامہ بازی کرتے ہوئے ایوان کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا۔ مرکزی وزیر اغذیہ پیوش گوئل نے کہا کہ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا نے تلنگانہ سے ریکارڈ مقدار میں چاول کی خریدی کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن راست طور پر دھان کی خریدی نہیں کرتا بلکہ ریاستی حکومت دھان کی خریدی کرتے ہوئے اسے چاول میں منتقل کرتی ہے جسے کارپوریشن حاصل کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے بائیلڈ رائس کی خریدی کیلئے چار تا پانچ مرتبہ توسیع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی دکھ کی بات ہے کہ اس قدر رعایت کے باوجود تلنگانہ حکومت چاول کی فراہمی میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا تلنگانہ حکومت سے چاول کی خریدی کیلئے تیار ہے اور حکومت کو اس رعایت کا فائدہ اٹھانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی دھان کی خریدی کا تعلق ریاستی حکومت سے ہے۔ر