کسانوں کو 2 لاکھ روپئے تک قرض معافی کی آج کھمم میں تکمیل

   

چیف منسٹر کا دورہ کھمم ، 8 ماہ میں اہم وعدہ کی تکمیل کا کارنامہ
حیدرآباد۔/14 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کسانوں کو 15 اگسٹ تک 2 لاکھ روپئے تک قرض معافی اسکیم کی تکمیل سے متعلق وعدہ کو پورا کرنے کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی کل 15 اگسٹ کو کھمم کے وائیرا منڈل کا دورہ کریں گے جہاں کسانوں کو 2 لاکھ روپئے قرض معافی اسکیم کی تکمیل ہوگی۔ حکومت نے 3 مراحل میں دو لاکھ روپئے قرض معافی کے اقدامات کئے۔ پہلے مرحلہ میں ایک لاکھ روپئے معاف کئے گئے جبکہ دوسرے مرحلہ میں دیڑھ لاکھ روپئے تک کہ قرض معاف ہوئے ہیں۔ یوم آزادی کے موقع پر دو لاکھ روپئے تک کے تمام قرض معاف کرتے ہوئے رقم کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔ کھمم کے وائیرا منڈل میں کسانوں کے بڑے جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران راہول گاندھی نے کسان ڈیکلریشن جاری کرتے ہوئے دو لاکھ روپئے تک قرض معافی کا وعدہ کیا تھا۔ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد 15 اگسٹ تک اسکیم پر عمل آوری کا اعلان کیا تھا۔ اقتدار کے آٹھ ماہ میں دو لاکھ روپئے تک کہ قرض معاف کرنا ریونت ریڈی حکومت کا کارنامہ ہے۔ ریاست کے کمزور معاشی موقف کے باوجود حکومت نے قرض معافی کی مساعی کی ہے تاکہ انتخابی وعدہ کی تکمیل ہوسکے۔ اسکیم سے 32.50 لاکھ کسانوں کو فائدہ ہوسکتا ہے۔ قرض معافی اسکیم کے پہلے مرحلہ کے تحت 15 جولائی کو ایک لاکھ روپئے کی رقم کسانوں کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کی گئی۔ ایک لاکھ روپئے تک کا قرض حاصل کرنے والے 1114412 کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں 6034 کروڑ جاری کئے گئے۔ دوسرے مرحلہ میں 30 جولائی کو دیڑھ لاکھ روپئے تک قرض معافی کے تحت 6190 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی جس کے تحت 640823 کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں رقم جمع کی گئی۔ دو مراحل میں جملہ 12 ہزار کروڑ جاری کئے گئے اور 17.55 لاکھ کسانوں کو فائدہ ہوا۔تیسرے مرحلہ میں دو لاکھ روپئے تک کا مکمل قرض معاف کردیا جائے گا اور قرض کی رقم کسانوں کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کردی جائے گی۔ 1