کسانوں کے شناختی کارڈ کا ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ ہے : وزیر زراعت

   

نئی دہلی: حکومت نے واضح کیا ہے کہ کسان شناختی کارڈ میں کسانوں کا ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ ہے اور یہ ڈیٹا کسی ایجنسی یا تنظیم کے ساتھ ان کی اجازت کے بغیر شیئر نہیں کیا جائے گا۔زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے آج راجیہ سبھا میں ضمنی سوالات کے جواب میں کہا کہ حکومت نے ڈیجیٹل زراعت مشن کے تحت کسانوں کو شناختی کارڈ فراہم کرکے زراعت سے متعلق تمام عمل کو آسان بنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترقی یافتہ زراعت اور خوشحال کسانوں کی جانب ایک انقلابی قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اب تک چار کروڑ ساٹھ لاکھ کسانوں کو شناختی کارڈ دیے جا چکے ہیں اور ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔وزیر زراعت نے کہا کہ اس شناختی کارڈ کی مدد سے کسان حکومت کی تمام فلاحی اسکیموں کے فوائد آسانی سے حاصل کر سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کی مدد سے ان کی کھیتی سے متعلق تمام کام بھی آسانی سے مکمل ہو جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کا ڈیٹا نجی ہے اور یہ ان کی مرضی ہے کہ وہ اسے کسی کے ساتھ شیئر کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا حاصل کرنے والی کمپنیوں کو ڈیٹا سیکیورٹی سے متعلق حکومت کے تمام قوانین پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔مسٹر چوہان نے کہا کہ کسانوں کو زراعت سے متعلق تمام اطلاعات ا سمارٹ فون پر دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن کسانوں کے پاس اسمارٹ فون نہیں ہیں وہ بھی یہ معلومات کرشی سخی اور کامن سروس سنٹر سے حاصل کر سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فی الحال حکومت کا کسانوں کو اسمارٹ فون پر سبسڈی دینے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔