مکان حزب المجاہدین کے سابق کمانڈر عامر خان کی ملکیت ہونے کا دعویٰ ، اصل نام غلام نبی
جموں و کشمیر میں حزب المجاہدین کے ایک کمانڈر کے مکان کو بلڈوزر سے منہدم کر دیا گیا۔ مسلمانوں کے خلاف اس طرح کے ماورائے عدالت اقدام ہوتے رہے ہیں، تاہم کشمیر میں یہ ایک نیا رجحان ہے۔ جموں و کشمیر میں انتظامیہ نے ہفتہ کی صبح ضلع اننت ناگ میں پہلگام علاقہ کے لوار گاؤں میں بلڈوزر کی مدد سے ایک منزلہ عمارت کو منہدم کر دیا۔ جس عمارت کو منہدم کیا گیا وہ مبینہ طور پر ایک عسکریت پسند تنظیم حزب المجاہدین کے ایک کمانڈر عامر خان کا مکان تھا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق عامر خان کا اصلی نام غلام نبی ہے جو فی الوقت عسکریت پسند تنظیم حزب المجاہدین کے اعلیٰ آپریشنل کمانڈر ہیں۔ وہ 90 کی دہائی کے اوائل میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر منتقل ہو گئے تھے۔ جموں و کشمیر کی موجودہ مرکزی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی صبح اس کی ایک مشترکہ آپریشنل ٹیم نے ضلع اننت ناگ کے لوار گاؤں میں مجسٹریٹ کی موجودگی میں یہ انہدامی کارروائی انجام دی۔ اس کے مطابق حزب المجاہدین کے کمانڈر عامر خان کی پراپرٹی کے احاطے کی دیواروں کو ایک بلڈوزر کی مدد سے منہدم کر دیا گیا ہے، جو کہ سرکاری اراضی پر تعمیر کی گئی تھی۔ سرکاری حکام نے کہا کہ یہ قدم وادی کشمیر کو دہشت گردی سے پاک کرنے اور حکومت پر لوگوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ مرکزی اور ریاستی ہندو قوم پرست حکومتیں اکثر، سرکاری زمین پر غیر قانونی تعمیرات کا حوالہ دیتے ہوئے، عمارتوں پر بلڈوزر چلانے کا حکم دیتی ہیں اور اس کارروائی کے لیے عدالت پر مبنی انصاف کا خیال نہیں رکھا جاتا ہے۔ عموماً مسلمانوں کے خلاف اس طرح کے ماراوئے عدالت اقدام ہوتے رہے ہیں، جہاں ان کے گھروں کو متعدد بار مسمار کیا جا چکا ہے۔ تاہم کشمیر میں یہ ایک نیا رجحان ہے۔ ایک سینئر مقامی صحافی نے ڈی ڈبلیو سے بات چیت میں کہا کہ کچھ روز قبل ہی جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں بھی ایک مبینہ عسکریت پسند کمانڈر عاشق نینگرو کے مکان کو بلڈوزر سے تباہ کر دیا تھا۔ ان کے مطابق، ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ کشمیر میں عسکریت پسندوں کے ساتھ ایک طرح کا یہ ایک نیا سلوک ہے۔ کشمیر میں تصادم کے دوران ان کے گھروں کو جلانے اور منہدم کرنے کا چلن پرانا ہے، تاہم اب بلڈوزر سے ان کے مکانوں کو نشانہ بنانے کا ایک نیا رجحان شروع ہوا ہے۔