کشمیر میں موسلا دھار بارش سے سیلابی صورتحال

   

سری نگر: وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری اور میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے دریاؤں اور دیگر ندی نالوں میں طغیانی جیسی صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں چہارشنبہ کی سہ پہر سے موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کا امکان ہے ۔وادی میں گذشتہ پانچ دنوں سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے نہ صرف یہاں کے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کو پار کرنے لگی ہے وہیں شہر و گام کی سڑکیں اور گلی کوچے بھی زیر آب ہیں جس سے لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا از بس محال ہو گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ دریائے جہلم میں سنگھم کے مقام پر بدھ کی صبح پانی کی سطح 18 فٹ تجاوز کر گئی تھی جبکہ رام منشی باغ سری نگر میں جہلم کی سطح آب 12.50 فٹ تھی جو خطرے کے نشان سے ساڑھے تین فٹ کم تھی۔وادی کے دیگر ندی نالوں بھی پانی سے لبالب بھرے ہوئے ہیں بلکہ کئی نالوں کا پانی کناروں سے بہہ کر سڑکوں اور رہائشی مکانوں میں بھی گھس آیا ہے جس نے لوگوں کو گھروں میں محصور کر دیا ہے ۔سری نگر کے جہانگیر چوک علاقے کی سڑک پانی سے اس قدر بھری ہوئی ہے کہ وہ سڑک سے زیادہ ایک دریا کا ہی نظار پیش کر رہی ہے شہر کی دیگر کئی علاقوں کا حال بھی ایسا ہی ہے ۔وادی کے سرحدی قصبہ گریز، بال تل اور دیگر پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی۔