جموں : نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہندوستان او رپاکستان کے درمیان بات چیت کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کبھی بھی پاکستان کا حصہ نہیں بنے گا ۔ انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ کشمیر میں کچھ سرپھرے کشمیر کوپاکستان سے ملانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ فاروق عبداللہ شیر کشمیر بھون میں پارٹی کے ایک کنونشن سے خطاب کررہے تھے ا س دوران انہوں نے یہ بات کہی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہاں بھی آوازیں ہیں ۔ کوئی کہتا ہے آزادی چاہئے ۔ کوئی کہتا ہے ہمیں پاکستان جانا ہے ۔ کونسے پاکستان جاؤ گے ۔ جموں و کشمیر کبھی پاکستان کا حصہ نہیں بنے گا۔ یہ میں آج سے نہیں بلکہ کئی سالو ں سے کہتا آرہا ہوں ۔ او رمیں نے جامع مسجد کے اسٹیج پر کہا تھا کہ ہم پاکستان نہیں جاسکتے ۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہمارا پڑوسی ملک دہشت گردی کو فرو غ دے رہا ہے ۔ روز ہمارے سرحدوں پر لڑائیاں ہوتی ہیں ۔ مگر وہ حل نہیں ہوتی ۔ حل صرف بات چیت سے ہو سکتا ہے۔ بات چیت ہوگی جب وہ پاکستان دہشت گردی کو روکیں گے ۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ امن کیلئے بات چیت ضروری ہے ۔ مجھے ہمیشہ واجپائی جی کے الفاظ یاد رہیں گے ۔ واجپئی جی نے ایک بار اپنے خطاب میں کہا تھا کہ دوست بدلے جاسکتے ہیں پڑوسی نہیں ۔
اگر پاکستان کوحقیقت میں اپناملک بچانا ہے تو انہیں ہندوستان سے دوستی کرنی ہوگی اس کے بغیر او رکوئی چارہ نہیں ہے۔ واجپئی جی مزیدکہا تھا کہ نہ کشمیر ان کو دے سکتے ہیں او رنہ ہی ان میں دم ہے کہ وہ اس کو حاصل کرلیں ۔ ‘‘