کعبہ شریف کو روزانہ 10 مرتبہ سینیٹائز کیا جانے لگا

,

   

مکہ مکرمہ ۔ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے کعبہ شریف کی عمارت سمیت حجر اسود اور حجر اسماعیل کو روزانہ 10 بار سینیٹائزکرنے کے بعد مخصوص خوشبو سے مہکایا جاتا ہے۔میڈیا کے مطابق ادارہ امور حرمین میں سینیٹائزنگ اور مخصوص علاقے کی دیکھ بھال کے ذمہ دار جابر ودعانی نے کہا کہ حجر اسود اور مقام ابراہیم کی پالشنگ اور سینیٹائزنگ کے لئے 40 کارکن مقرر ہیں۔کعبہ کی عمارت کے مخصوص حصے جن میں حجر اسود، رکن یمانی، ملتزم ،کعبہ کا دروازہ اور حطیم کی دیوار پر لگے خصوصی فانوسوں کو یومیہ بنیادوں پر چمکایا جاتا ہے یہ عمل 24 گھنٹے میں 10مرتبہ دہرایا جاتا ہے۔حجر اسود کے گرد لگے چاندی کے فریم کو بھی مخصوص پالش سے چمکایا جاتا ہے جبکہ تمام مقامات کی جراثیم کش ادویات سے صفائی کے بعد انہیں مخصوص خوشبو سے معطرکیا جاتا ہے۔حرم شریف کے لئے سینیٹائزر کے علاوہ خوشبو بھی خصوصی طور پر تیارکروائی جاتی ہے جبکہ حجر اسود، ملتزم ، رکن یمانی اورمقام ابراہیم کوعرق گلاب سے دھویا جاتا ہے۔