عہدیداروں سے اندرون 15 یوم رپورٹ طلب، کابینی سب کمیٹی کا اجلاس، محکموں میں بہتر تال میل کیلئے بھٹی وکرامارکا کا مشورہ
حیدرآباد 16 ستمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کمرشیل ٹیکسیس اور رجسٹریشن ڈپارٹمنٹس کی آمدنی میں اضافہ کے لئے عہدیداروں کو سنجیدگی سے اقدامات کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کمرشیل ٹیکس میں آمدنی میں اضافہ کے لئے سرکل کی بنیاد پر پروگریس رپورٹ اور رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی آمدنی پر اندرون 15 یوم رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ ریاست میں حکومت کی آمدنی میں اضافہ کے لئے کابینی سب کمیٹی کا اجلاس آج سکریٹریٹ میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی صدارت میں منعقد ہوا۔ سب کمیٹی کے ارکان جوپلی کرشنا راؤ اور ڈی سریدھر بابو کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کمرشیل ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں سے کہاکہ وہ ہر سرکل کی اساس پر جائزہ اجلاس منعقد کریں۔ اُنھوں نے ریاست کے مختلف محکمہ جات کی آمدنی میں اضافہ کے لئے اقدامات کی تجویز پیش کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ دیگر ریاستوں میں کمرشیل ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیں اور تلنگانہ میں آمدنی میں اضافہ کے امکانات تلاش کریں۔ محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کی آمدنی میں اضافہ کے لئے گزشتہ سال تشکیل دی گئی کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن سے مربوط اداروں ایچ ایم ڈی اے، جی ایچ ایم سی اور ہاؤزنگ بورڈ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے۔ اُنھوں نے چیف سکریٹری کو محکمہ جات کے درمیان بہتر تال میل کے ذریعہ ریاست کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کی ہدایت دی۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ سے کہا گیا کہ وہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے مسئلہ پر تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اندرون 15 یوم رپورٹ پیش کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی آمدنی میں اضافہ کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور وجوہات کی نشاندہی کی جانی چاہئے تاکہ رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے کارکردگی بہتر بنائی جائے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ مکمل تیاری اور واضح رپورٹ کے ساتھ جائزہ اجلاسوں میں شرکت کریں اور اپنے اپنے محکمہ جات کی آمدنی میں اضافہ کے لئے تجاویز پیش کریں۔ اجلاس میں چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ، پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ، پرنسپل سکریٹری کمرشیل ٹیکسیس سید علی مرتضیٰ رضوی، کمشنر اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن راجیو گاندھی ہنمنتو، کمشنر ٹرانسپورٹ سریندر موہن، کمشنر کمرشیل ٹیکسیس ہریتا، ڈپٹی چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری کرشنا بھاسکر اور دوسروں نے شرکت کی۔1