کمزور طلباء کیلئے اسپیشل کلاسیس کا اہتمام : وزیر تعلیم

   

حیدرآباد 18 مئی ( سیاست نیوز ) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے اعلان کیا کہ تعلیمی اعتبار سے کمزور رہنے والے طلبہ کیلئے اسپیشل کلاسیس کا اہتمام کیا جائیگا اورا سکولس کے سابقہ طلبا رضاکارانہ طورپر انہیں تعلیم دیں گے ۔ مقامی نوجوان اور این جی اوز بھی اس میں حصہ لیں گے۔ وزیر موصوف نے مہیشورم حلقہ میں منڈل پریشد دفتر میں اس نئی پہل کے تعلق سے ایک اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس اختراعی پروگرام کو مہیشورم حلقہ میں شروع کیا جارہا ہے اور اسے سارے رنگا ریڈی ‘ حیدرآباد ‘ میڑچل اور یادادری بھونگیر اضلاع تک توسیع دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی عوامی نمائندوں کی مدد سے یکم تا پانچویں جماعت کے کمزور تعلیمی موقف رکھنے والے طلبا کی شناخت کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حالانکہ ابھی گرمائی تعطیلات ختم نہیں ہوئی ہیں لیکن ان کیلئے مقامی اسکولس میں فوری کلاسیس کا اہتمام کیا جائیگا ۔ جو طلبا حصول تعلیم میں کمزور ہیں ان کو ان کلاسیس سے مدد مل سکتی ہے ۔ اس کے علاوہ جن طلبا کی تعلیم کورونا وباء اور لا ک ڈاؤن کی وجہ سے متاثر ہوئی تھی ان کو بھی حصول تعلیم میں اس اقدام سے مدد مل سکتی ہے اور وہ بھی اس سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔