کمشنر جی ایچ ایم سی کا دورہ چارمینار

   

مختلف پراجکٹس کا معائنہ ، نقشہ کا جائزہ ، عوام میں تشویش ، بعض سیاسی گوشہ ناراض
حیدرآباد۔4۔ ستمبر۔(سیاست نیوز) کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد محترمہ امراپالی کٹا نے آج چارمینار زون کے مختلف علاقوں میں جاری پراجکٹس کا معائنہ کرتے ہوئے سڑکوں‘ برجس کی تعمیرات اور ان کی تکمیل کے سلسلہ میں عہدیداروں سے دریافت کیا ۔ محترمہ کٹا امراپالی نے پرانے شہر کے علاقوں بندلہ گوڑہ‘ راجندر نگر‘ چندرائن گٹہ ‘ شیورام پلی کے علاوہ دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال سے آگہی حاصل کی ۔ انہوں نے اس موقع پر موجود عہدیداروں سے بہادر پورہ برج کی تعمیر کے سلسلہ میں دریافت کیا اور اس کی تکمیل کے لئے درکا ر مدت کے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ ذرائع کے مطابق سیاسی قائدین کے بغیر کمشنر جی ایچ ایم سی محترمہ کٹا امراپالی کے دورہ پرانا شہر اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے پر بعض گوشوں میں ناراضگی پائی جا رہی ہے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے اپنے ماتحت عہدیداروں کے ہمراہ کئے گئے اس دورہ کے دوران پرانے شہر میں سڑکوں کی حالت کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی مرمت کے اقدامات کے متعلق استفسار کیا کہ ان سڑکوں کی مرمت کے کاموں کو کب تک مکمل کیا جائے گا اور جاریہ بارشوں کے دوران سڑکوں کو حادثات سے پاک بنانے کے لئے کیا اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دورہ میں شامل عہدیداروں سے ان علاقوں میں موجود سرکاری اثاثہ جات ‘ ذخائر آب کے علاوہ دیگر مقامات کا بھی جائزہ لیا ۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے اس دورہ کے ساتھ ہی شیورام پلی ‘ راجندرنگر‘ بندلہ گوڑہ ‘ چندرائن گٹہ کے علاقوں میں موجود شہریوں میں یہ احساس پیدا ہونے لگا کہ کہیں بلدی عہدیدارو ںکی جانب سے ان علاقوں میں ’حیڈرا‘ کی کاروائیوں کے لئے تو سروے نہیں کیا جا رہاہے!کمشنر مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد محترمہ امراپالی کٹا کے عہدیداروں کے ہمراہ دورہ کے دوران شہر کے نقشہ بالخصوص اس علاقہ کے نقشہ جات کے ساتھ کئے جانے والے معائنوں کی وجہ سے شہر کے ان علاقوں کے عوام میں تشویش کی لہر پیدا ہونے لگی ہے جبکہ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے اس سلسلہ میں کسی بھی طرح کے تبصرہ سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر جی ایچ ایم سی نے ان علاقوں میں جاری تعمیری و ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور اس دوران سرکاری اثاثہ جات کے متعلق تفصیلات حاصل کی۔3