کمشنر حیڈرا رنگناتھ کو ہائی کورٹ کی توہین عدالت نوٹس

   

حیدرآباد۔13۔اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے میڑچل ملکاجگری ضلع کے آر کے پورم میں خانگی کوآپریٹیو ہاؤزنگ سوسائٹی کی کمپاؤنڈ وال کے انہدام پر حیڈرا کی سرزنش کی ہے۔ کلکٹر ملکاجگری کی ہدایت کے بغیر اور قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حیڈرا حکام نے کمپاؤنڈ وال منہدم کردی جس پر عدالت نے کمشنر حیڈرا رنگناتھ کے خلاف توہین عدالت کی نوٹس جاری کی ہے۔ جسٹس این وائی شراون کمار نے ضلع کلکٹر کو ہدایت دی کہ حیڈرا کی جانب سے غیر مجاز انہدامی کارروائی پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ جسٹس شراون کمار نے ہائی کورٹ رجسٹری کو ہدایت دی کہ عدالت کے احکامات سے حکومت کو واقف کرائیں اور تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی جائے کہ وہ ہائیکورٹ کے احکامات سے حیڈرا کو واقف کریں۔ سماعت کے موقع پر ضلع کلکٹر اور ملکاجگری و ترملگری کے تحصیلدار عدالت میں موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ انہدامی کارروائی کیلئے حیڈرا کو کوئی ہدایت نہیں دی گئی جبکہ حیڈرا نے ریونیو عہدیداروں کی ہدایت پر انہدام کا دعویٰ کیا۔ ایک مرحلہ پر حیڈرا کے وکیل نے عدالت سے معذرت خواہی کی کوشش کی جس پر جسٹس شراون کمار نے کہا کہ آپ کتنی مرتبہ عدالت میں معذرت خواہی کریں گے۔1/k
انہوں نے کہا کہ حیڈرا کے عہدیدار متبادل حکومت کی طرح کام کر رہے ہیں۔ اس مقدمہ کی آئندہ سماعت 4 ہفتے بعد مقرر کی گئی۔1/k