کمشنر پولیس کی ایکزیکٹیو کورٹ میں ماجد حسین اور فیروز خاں کی حاضری

   

فریقین نے اپنا اپنا موقف پیش کیا، سی وی آنند نے امن و ضبط بگاڑنے پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا
حیدرآباد 24 اکٹوبر (سیاست نیوز) نامپلی اسمبلی حلقہ میں کانگریس اور مجلس کے درمیان بڑھتے سیاسی تنازعہ و حالیہ دنوں میں جھڑپ کے واقعہ سے نمٹنے کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند نے بحیثیت اڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ فریقین کو طلب کیا۔ سی وی آنند نے ایکزیکٹیو کورٹ کا اہتمام کرکے فریقین کی سماعت کی۔ حیدرآباد کمشنریٹ میں شاید یہ پہلا موقع تھا جب کمشنر نے اڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے اختیارات کا استعمال کرکے باقاعدہ عدالت کا اہتمام کیا اور دونوں فریقین ملزمین کی طرح عدالت میں کھڑے رہے اور جج کے سامنے اپنا موقف بیان کیا۔ فریقین کے علاوہ کمشنر پولیس نے اسٹیشن ہاؤز آفیسر ہمایوں نگر کی سماعت کرکے تفصیلات حاصل کیں۔ واضح رہے کہ نامپلی حلقہ کے آصف نگر علاقہ میں 7 اکٹوبر کو دونوں پارٹیوں کے درمیان اُس وقت جھڑپ ہوگئی جب فیروز گاندھی نگر میں سڑک کی تعمیر کا کانگریس قائد فیروز خان جائزہ لے رہے تھے۔ رکن اسمبلی ماجد حسین حامیوں کے ساتھ پہونچ گئے اور فیروز خاں اور اُن کے حامیوں پر حملہ آور ہوئے۔ دونوں گروپس میں ہاتھا پائی ہوئی تاہم پولیس نے مداخلت کرکے منتشر کردیا۔ پولیس نے فریقین کے خلاف مقدمات درج کئے اور رکن اسمبلی ماجد حسین اور فیروز خان کو طلب کرکے نوٹس کے ذریعہ پابند بنایا گیا۔ سماعت کے موقع پر مجلسی رکن اسمبلی کی جانب سے وکلاء نے ارکان اسمبلی کے مراعات سے واقف کرایا۔ اُن کا کہنا تھا کہ رکن اسمبلی کو حلقہ میں عوامی مسائل کا جائزہ لینے کا اختیار ہے۔ دوسری طرف فیروز خاں نے کہاکہ وہ اِس حلقہ سے 4 مرتبہ مقابلہ کرچکے ہیں اور کانگریس سینئر لیڈر کے طور پر جب بھی عوام کسی مسئلہ پر رجوع ہوتے ہیں تو وہ یکسوئی کی کوشش کرتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ جمہوریت میں ہر پارٹی کو عوامی مسائل کے جائزہ لینے کا اختیار حاصل ہے۔ اسٹیشن ہاؤز آفیسر ہمایوں نگر نے اڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو بتایا کہ دونوں پارٹیوں میں سیاسی رقابت سے امن و ضبط کے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ سی وی آنند نے دونوں کو پابند کیاکہ وہ کسی تصادم یا لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا کئے بغیر عوامی مسائل کی یکسوئی کریں۔ کمشنر پولیس نے کہاکہ دونوں عوامی مسائل کا جائزہ لینے دورہ کرسکتے ہیں لیکن ایک دوسرے کے دورے میں مداخلت کرکے امن و ضبط کی صورتحال بگاڑنے پر سخت کارروائی کی جائیگی۔ سی وی آنند نے دونوں کو جمہوری انداز میں عوامی خدمت کا مشورہ دیا اور قانون کی پابندی کی ہدایت دے کر سماعت ملتوی کردی۔ کمشنر پولیس و اڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (ایکزیکٹیو) کو اسٹیشن ہاؤز آفیسر ہمایوں نگر نے دونوں پارٹیوں میں رقابت اور 7 اکٹوبر واقعہ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ اسٹیشن ہاؤز آفیسر نے درخواست کی کہ فریقین کو مخصوص مدت تک کیلئے پابند کریں تاکہ امن و ضبط کی صورتحال بگڑنے نہ پائے۔مستقبل میں امن و ضبط بگاڑنے کی حرکت پر سیکشن 126 بی این ایس ایس اور سیکشن 107 سی آر پی سی کے تحت پابند کیا جائیگا۔ کمشنر کی عدالت میں شرکت کے بعد رکن اسمبلی ماجد حسین نے کہاکہ کمشنر کی ہدایت پر عمل کیا جائیگا اور کانگریس قائدین پولیس کی اجازت کے ساتھ دورہ کرسکتے ہیں۔ فیروز خاں نے کہاکہ وہ پرامن انداز میں اپنے دورے جاری رکھیں گے۔ فیروز خاں کے مطابق کمشنر پولیس نے دونوں پارٹیوں کو ایک دوسرے کے دورے میں مداخلت نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ 1