پراجکٹ آبپاشی کے بجائے تفریحی مقام میں تبدیل،ہزاروں کروڑ کے کام ٹنڈر کے بغیر منظور
حیدرآباد۔/29 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت نے کمیشن کے حصول کیلئے کالیشورم پراجکٹ تعمیر کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کانگریس قائدین کے دورہ تمڈی ہٹی پر نائب صدرنشین اسٹیٹ پلاننگ بورڈ ونود کمار کی تنقیدوں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ونود کمار کو ٹی آر ایس لیڈر کی طرح بات کرنے کے بجائے پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین کی حیثیت سے ریاست کے مفادات پر توجہ دینی چاہیئے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ تمڈی ہٹی کے قریب بیریج کی تعمیر کی صورت میں میڈی گڈہ کے پاس پانی کی عدم دستیابی کا خوف حکومت پر طاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمڈی ہٹی کی تعمیر کی صورت میں نشیبی علاقے سے پانی میلارم تک سربراہ کیا جاسکتا ہے۔ متحدہ عادل آباد ضلع کی 2 لاکھ ایکر اراضی کو پانی سیراب کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ اب آبپاشی پراجکٹ نہیں بلکہ سیاحتی مرکز میں تبدیل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ایس عہدیداروں کو کالیشورم پراجکٹ کے ساتھ تمڈی ہٹی کا بھی دورہ کرنا چاہیئے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ کالیشورم کو قومی پراجکٹ کا درجہ حاصل کرنے کے مسئلہ پر ونود کمار گمراہ کن بیانات جاری کررہے ہیں۔ مرکزی حکومت نے واضح کردیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے قومی پراجکٹ کے سلسلہ میں آج تک کوئی باقاعدہ نمائندگی نہیں کی گئی ہے۔ اگر مرکزی وزیر آبی وسائل نے غلط بیان دیا ہے تو ٹی آر ایس ان کے خلاف تحریک مراعات پیش کرنے سے کیوں کترا رہی ہے۔ ریاست کے عوام کو کب تک گمراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کے سلسلہ میں کمیشن کا حصول عوام کے درمیان منظر عام پر آنے کے خوف سے ٹی آر ایس قائدین اپوزیشن پر الزام تراشی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے آج تک مرکز کو کالیشورم کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کے حصول کیلئے ہزاروں کروڑ کے کام گلوبل ٹنڈرس کے بجائے نامنیشن کی بنیاد پر الاٹ کئے گئے۔
