نئے ایمپلائز کی تنخواہوں کیلئے بجٹ میں 1000 کروڑ روپئے مختص ، ہریش راؤ نے اقتصادی رپورٹ جاری کی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ یکم اپریل سے کنٹراکٹ ایمپلائز کی خدمات مستقل (باقاعدہ ) بنانے کے عمل کا آغاز کیا جائے گا ۔ بجٹ میں کے سی آر نیوٹریشن کٹ اسکیم متعارف کرائی گئی ہے ۔ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کے فنڈز میں 460 کروڑ روپئے کی بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ اسمبلی میں بجٹ کی پیشکشی کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ملک کے لیے رول ماڈل ریاست میں تبدیل ہوگئی ہے ۔ ملک کی مختلف ریاستوں کے عوام تلنگانہ کی طرف حسرت بھری نگاہوں سے دیکھ رہے ہیں ۔ مرکز کے تعاون کے بغیر تلنگانہ ریاست بڑی تیزی سے ترقی کررہی ہے ۔ تلنگانہ حکومت سے 80 ہزار جائیدادوں پر تقررات ہورہے ہیں ۔ محکمہ پولیس میں تقررات کیلئے دو امتحان ہوگئے ہیں ۔ مزید ایک امتحان باقی ہے ۔ ریاست میں بڑے پیمانے پر سرکاری جائیدادوں پر تقررات ہورہے ہیں جس کو مد نظر رکھتے ہوئے نئے ایمپلائز کی تنخواہوں کیلئے بجٹ میں1000 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ کسانوں کے قرض معافی کیلئے 6385 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ جس سے 90 ہزار روپئے تک قرض معاف ہوجائے گا ۔ اس موقع پر وزیر فینانس نے اکنامک سروے کی بھی رسم اجرائی انجام دی اور کہا کہ ریتو بندھو اسکیم میں 275 کروڑ روپئے ریتو بیمہ اسکیم میں 123 کروڑ کا اضافہ ہوا ہے ۔ فیس ری ایمبرسمنٹ اور میس چارجس کو 4690 کروڑ سے بڑھا کر 5609 کروڑ روپئے کردیا گیا ہے ۔ اس میں 919 کروڑ روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ ریاست کے 33 اضلاع میں کے سی آر نیوٹریشن کٹ اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے ۔ جس کیلئے بجٹ میں 200 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم میں 460 کروڑ روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور توسیع کیلئے 4500 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ چند یونیورسٹیز میں طلبہ کو ہاسپٹلس کی سہولت فراہم کرنے کیلئے بجٹ میں 500 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ ذاتی اراضی رکھنے والے غریب عوام کو مکانات کی تعمیرات کیلئے فی کس 3 لاکھ روپئے کی ادائیگی کیلئے 12 ہزار کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔۔ ن